شہر میں 75 فریڈم پارکس قائم ہوں گے

   

آزادی کے 75 سال کے حصہ کے طور پر جی ایچ ایم سی کا اقدام
حیدرآباد ۔ 6 اگست (سیاست نیوز) ہندوستان کی آزادی کی 75 سالہ تقاریب کے سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی جانب سے شہر میں 75 کھلے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں فریڈم پارکس بنائے جائیں گے۔ ریاستی حکومت نے دو ہفتوں تک آزادی ہند کی تقاریب منانے کا فیصلہ کیا ہے اور چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان تقاریب کے حصہ کے طور پر مختلف پروگرامس منعقد کئے جائیں۔ جی ایچ ایم سی نے فریڈم پارکس بنانے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس شیڈول میں 10 اگست کو نشاندہی کردہ مقامات پر 75 کے ملٹیپلس میس یعنی 75,750 پودوں کی شجرکاری کرنا شامل ہے۔ ان فریڈ پارکس کو فروغ دینے کے کام ان مقامات پر پودوں کی شجرکاری کے دن ہی سے شروع ہوجائیں گے۔ ان پارکس میں موجودہ ٹری پارکس کی سہولتیں ہوں گی۔ بشمول بنچس واک ویز، ایک انٹرنس پلازا وغیرہ اس کے علاوہ انہیں خوبصورت بنانے کے کام کئے جائیں گے جس میں آزادی کے 75 سال کو نمایاں کیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ’’بعض پارکس میں ٹری ٹرنکس، بنچس، والس اور دیگر کانکریٹ اسٹرکچرس کو ترنگے میں پینٹ کیا جائے گا اور بعض پارکس میں 75 قسم کے درختوں کو اگایا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ان پارکس میں سیلفی پوائنٹس بھی لگائے جائیں گے جو ترنگا میں ہوں گے اور پارکس میں خوبصورتی پیدا کرنے کیلئے مختلف کام کئے جائیں گے جو آزادی کے 75 سال کی عکاسی کریں گے۔ فریڈم پارکس بنانے کیلئے تمام 75 جگہوں کی نشاندہی کرنے کے ساتھ انہیں فروغ دینے کیلئے ایک ایکشن پلان بنایا گیا ہے۔ جی ایچ ایم سی خصوصی تھیم، بیڈ ویلکم بورڈس تیار کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے۔ 10 اگست کو ان تھیم پارکس میں شجرکاری مہم کے علاوہ اسی دن شہر میں اسکولس میں جملہ 75 پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اسکولس اور فریڈم پارکس بنانے کیلئے نشاندہی کردہ مقامات کے علاوہ شہر کے مختلف حصوں میں بھی منتخبہ نمائندوں اور ریسیڈنٹ ویلفیر اسوسی ایشن کے تعاون و اشتراک سے پودے لگائے جائیں گے۔