شہر میں آج اور کل ہلکی تا اوسط بارش کی پیش قیاسی

   

چند دن خشک موسم کے بعد شہر میں جنوب مغربی مانسون دوبارہ سرگرم ہونے کی امید
حیدرآباد 13 اگسٹ ( سیاست نیوز ) چند دن سے سست رہنے کے بعد امکان ہے کہ جنوب مغربی مانسون شہر میں اتوار سے سرگرم ہوجائے گا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی نے پیش قیاسی کی ہے کہ شہر میں پیر تک ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بھی حیدرآباد کیلئے زرد الرٹ جاری کیا ہے ۔ اس طرح محکمہ نے بھی شہر میں ہلکی سے اوسط بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ آئندہ تین دن کے دوران اعظم ترین درجہ حرارت امکان ہے کہ 29 سے 32 ڈگری سلسئیس کے درمیان ریکارڈ کیا جائیگا جبکہ اقل ترین درجہ حرارت 22 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتاہ ے ۔ محکمہ کی پیش قیاسی کے مطابق ایل بی نگر ‘ اپل ‘ ملک پیٹ ‘ سرور نگر ‘ سکندرآباد ‘ راجندر نگر ‘ عنبرپیٹ ‘ خیریت آباد ‘ کوکٹ پلی ‘ کاپرا ‘ چارمینار ‘ حیات نگر ‘ جوبلی ہلز اور موسی رام باغ کے علاقوں میں ہلکی سے اوسط بارش ہوگی ۔ 2.5 ملی میٹر سے 15.6 میلی میٹر کے درمیان بارش پیر کی صبح تک ریکارڈ کی جاسکتی ہے ۔ واضح رہے کہ ماہ اگسٹ کا پہلا ہفتہ نسبتا خشک رہا تھا اور ان ایام میں معمول سے نصف بارش ہوئی تھی ۔ حیدرآباد میں 4 تا 10 اگسٹ 22.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ان ایام میں 45.5 ملی میٹر بارش معمول ہے ۔ تاہم مانسون کے آغاز کے بعد سے اب تک جملہ بارش کا اگر جائزہ لیا جائے تو شہر میں معمول سے زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ ماہ جولائی میں بارش بہت زیادہ ہوئی ہے اور 144.2 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ان ایام میں جملہ 38.1 ملی میٹر بارش ہوتی ہے ۔