شہر میں بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی کیلئے سروے کرنے جی ایچ ایم سی کے اقدامات

   

حیدرآباد ۔ 9 اپریل (سیاست نیوز) ماقبل مانسون تیاری کے سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے ٹاؤن پلاننگ شعبہ کی جانب سے کارپوریشن کے حدود میں خستہ حال اور بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی کیلئے ایک سروے کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی نے جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مانسون کیلئے اچھی طرح پیشگی تیاری کی جائے اور بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں منہدم کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ جی ایچ ایم سی کے تمام ڈپٹی سٹی پلانرس اور اسسٹنٹ سٹی پلانرس کو ہدایت دی گئی ہیکہ اس سلسلہ میں فوری ضروری کارروائی کرتے ہوئے بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی کرنے کے بعد ایک رپورٹ داخل کریں۔ جی ایچ ایم سی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ’’تمام 30 سرکلس کے ٹاؤن پلاننگ آفیسرس کمزور اور بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی کیلئے ایک تفصیلی سروے کریں گے اور اسے انجینئرنگ ونگ کو روانہ کریں گے تاکہ رپورٹ تیار کی جائے‘‘۔ نیز اس عہدیدار نے کہا کہ انجینئرنگ ونگ سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد تمام خستہ حالت کی عمارتوں کی فہرست کو ہر سرکل میں قطعیت دی جائے گی۔ اس طرح عہدیدار ان عمارتوں میں رہنے والوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کا تخلیہ کرنے یا مرمت کروانے کیلئے کہیں گے۔ ان بوسیدہ عمارتوں کو منہدم کرنے جن سے خطرہ لاحق ہے ایک خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔ جی ایچ ایم سی نے بوسیدہ عمارتوں میں مقیم افراد سے خواہش کی کہ بوسیدہ عمارتوں کو منہدم کرنے میں کارپوریشن سے تعاون کریں یا ان کی مرمت کروائیں۔ 2021ء میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے جملہ 618 خستہ حالت کی عمارتوں کی نشاندہی کی گئی تھی جن میں 201 کو منہدم کیا گیا تھا اور 129 عمارتوں کی مرمت کی گئی تھی یا ٹاؤن پلاننگ عہدیداروں نے مہربند کردیا تھا۔