شہر میں مسلم خواتین اور لڑکیوں کیلئے ہاسٹل کی عدم سہولت سے مسائل

   


خیریت آباد میں ہاسٹل تعمیر کرنے وقف بورڈ کے اعلان پر تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوئی
حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) مسلم خواتین اور لڑکیوں کو شہر حیدرآباد میں ہاسٹل کے حصول میں دشواریوں کو دور کرنے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے متعدد دعوے کئے گئے تھے اور تلنگانہ وقف بورڈ نے خیریت آباد میں بشیر احمد وقف کے تحت موجود 500 مربع گز انتہائی قیمتی اراضی پر ہاسٹل کی تعمیر کا اعلان کیا تھا لیکن تاحال اس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوپائی ہے۔ وقف بورڈ کے راست انتظامیہ میں موجود بشیر احمد وقف کے تحت 500 مربع گز اراضی پر غیر مجاز قبضوں کے خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں لیکن وقف بورڈ عہدیداروں کی جانب سے جائیداد کو قابل استعمال بنانے کوئی پیشرفت نہیں کی جا رہی ہے ۔ تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے علاوہ ملک کے کئی مقامات سے شہرمیں اعلیٰ تعلیم و ملازمت کیلئے پہنچنے والی لڑکیوں اور خواتین بالخصوص اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین کیلئے شہر میں کوئی مخصوص ہاسٹل نہ ہونے سے مسائل پر کئی غیرسرکاری تنظیموں کی جانب سے ہاسٹل کے قیام کی کوشش کی جارہی ہے لیکن بھاری سرمایہ کے سبب اس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوپائی ہے لیکن اگر وقف بورڈ اپنے طور پر کوئی فیصلہ کرکے خواتین اور لڑکیوں کیلئے ہاسٹل سہولت فراہم کرتا ہے تو آئندہ ایک سال کے اندر مسلم لڑکیوں اور خواتین کیلئے شہر کے مرکزی مقام پرایک ہاسٹل موجود رہے گا جو حیدرآباد آنے والوں کیلئے سہولت کا باعث بنے گا۔ معروف سماجی کارکن محترمہ خالدہ پروین نے بتایا کہ تلنگانہ ہی نہیں بلکہ کئی ریاستوں کی خواتین کی شہر حیدرآباد کا رخ کر رہی ہیں لیکن انہیں مسلم ہاسٹل کی سہولت نہ ہونے سے مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بیشتر گرلز ہاسٹلس میں سگریٹ نوشی ‘ الکحل کے علاوہ دیگر اشیاء کا استعمال عام ہونے سے مسلم خواتین و لڑکیاں خالص مسلم ماحول والے ہاسٹلس کی تلاش میں ہیں ۔ امومت سوسائیٹی کی جانب سے گنجان آبادی و الے علاقہ سوریہ نگر کالونی ٹولی چوکی میں امومت ہاسٹل چلایا جا رہاہے جس میں 33 خواتین اور لڑکیوں کی رہائش کی گنجائش ہے لیکن دیگر علاقوں میں جہاں تعلیمی ادارے اور آئی ٹی کمپنیاں ہیں ان میں بھی ایسے ہاسٹلس کی ضرورت کو محسوس کیا جا رہاہے لیکن اگر وقف بورڈ سے خیریت آباد میں ہاسٹل کی تعمیر کی جاتی ہے تو حیدرآباد میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور ملازمت پیشہ خواتین و لڑکیوں کے لئے بڑی سہولت ہوگی ۔م