حیدرآباد : 29جنوری ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں آج ایک مرتبہ پھر میٹرو ریل خدمات میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ چہارشنبہ 29 جنوری کو صبح 7 تا 8بجے کے درمیان ہائی ٹیک سٹی تا امیر پیٹ کے درمیان میٹرو ریل ایک گھنٹہ تاخیر سے چلی ۔ دوسری جانب جوبلی ہلز میٹرو اسٹیشن میں ایک ریل رک گئی ۔ عہدیداروں نے ایک گھنٹہ میں خدمات کو بحال کردیا ۔ ایک گھنٹہ کی رکاوٹ سے دفاتر کو جانے والے مسافرین کو کافی مشکلات ہوئیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تیکنیکی مسائل کی وجہ سے ریل خدمات متاثر ہوئیں تاہم ان مسائل کو ایک گھنٹہ میں حل کرلیا گیا ۔ واضح رہے کہ ماضی میں بھی میٹرو ریل کی خدمات کئی مرتبہ متاثر ہوئی تھیں ۔ زیادہ تر صبح کے اوقات میں اس طرح کے مسائل پیدا ہونے سے شہریوں کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ بالخصوص ہائی ٹیک سٹی کی جانب روآنہ ہونے والی روٹس میں ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر ہونے سے آئی ٹی ملازمین کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ 2