ہر حلقہ میں 1000 مکانات،گوشہ محل میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تقسیم، وزراء سرینواس ریڈی ، پونم پربھاکر و اظہرالدین کی شرکت
حیدرآباد ۔2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد اور اس کے اطراف کیور زون کے تحت اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی تعمیر کیلئے جلد ہی ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات میں اراضیات کی نشاندہی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ 19 اسمبلی حلقہ جات میں پائلٹ پراجکٹ کے تحت فی کس ایک ہزار مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ سرینواس ریڈی نے آج گوشہ محل اسمبلی حلقہ میں اندراماں ہاؤزنگ کے تحت ڈبل بیڈروم مکانات استفادہ کنندگان میں حوالے کئے۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر ، وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ وزیر ہاؤزنگ نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر مرحلہ وار عمل آوری کی جائے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت کے مطابق حیدرآباد ، سائبر آباد اور ملکاجگری کارپوریشنوں کے حدود میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کیلئے اراضی کی نشاندہی کام آئندہ تین دن میں مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے ڈبل بیڈروم مکانات شہر کے باہر دور دراز کے علاقوں میں تعمیر کئے تھے لیکن کانگریس حکومت ہر اسمبلی حلقہ جات کے تحت مکانات تعمیر کرے گی۔ کیور حدود کے 19 اسمبلی حلقہ جات میں پائلٹ پراجکٹ کے تحت کم از کم 500 تا 1000 مکانات کی تعمیر کا آغاز کیا گیا ہے۔ دوسرے اور تیسرے مرحلہ میں باقی مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ دیہی علاقوں میں ایک اسمبلی حلقہ کے تحت 5500 مکانات منظور کئے گئے۔ شہری علاقوں میں اراضی کی مالیت فی ایکر 100 تا 200 کروڑ ہے باوجود اس کے حکومت میں غریبوں کیلئے مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ دھول پیٹ کے علاقہ میں سابق حکومت کی جانب سے زیر تکمیل 125 مکانات کو مکمل کرتے ہوئے استفادہ کنندگان کے حوالے کیا گیا ہے۔ انہوں نے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی کہ دیگر علاقوں میں اراضیات کا تعین کریں جہاں مکانات تعمیر کئے جاسکیں۔ سابق حکومت نے حیدرآباد سے 30 کیلو میٹر کے فاصلہ پر مکانات تعمیر کئے اور غریب خاندان مکانات منتقلی سے گریز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے دو برسوں میں بی آر ایس کے 10 برسوں میں تعمیر کردہ مکانات سے زیادہ مکانات تعمیر کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں ہاؤزنگ کے مسئلہ پر بی آر ایس کھلے مباحث کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں بڑے پراجکٹس کی تعمیر میں بے قاعدگیاں کی گئی ہیں۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور محمد اظہرالدین نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت غریبوں کی فلاح و بہبود پر پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں غریبوں کے مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔1/k