شہر کے تین اسمبلی حلقہ جات میں فارم 7 معاملہ پر ایف آئی آر درج کیا جائے

   

کمشنر پولیس سے کانگریس قائدین کی ملاقات، اقلیتوں اور کانگریس حامیوں کے ناموں کو حذف کرنے کی سازش
حیدرآباد۔5 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے کمشنر پولیس حیدرآباد بی سی سجنار سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کی اور حیدرآباد کے مختلف اسمبلی حلقہ جات میں فارم 7 کے ذریعہ حقیقی رائے دہندوں کے نام حذف کرنے کی سازش کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس قائدین نے اسمبلی حلقہ جات مشیر آباد ، بہادر پورہ اور گوشہ محل میں فارم 7 کے ادخال کی جانچ کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی اپیل کی۔ کانگریس کی اسمبلی کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین پی راجیش کمار ، کمیٹی کے رکن واجد حسین ، SIR کوآرڈینیٹر جی وینو گوپال ، حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر خالد سیف اللہ ، سکندرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر دیپک جان اور خیریت آباد ضلع کانگریس صدر ایم روہت نے کمشنر پولیس حیدرآباد کو فرضی فارم 7 کے ادخال کے ذریعہ اقلیتوں اور کانگریس کے حامیوں کے ناموں کو حذف کرنے کی سازش سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے حیدرآباد کے کئی اسمبلی حلقہ جات میں پہلے سے تیار شدہ فارم 7 بوتھ لیول آفیسرس کے پاس جمع کئے گئے۔ بی جے پی کارکنوں اور بوتھ لیول ایجنٹس کی جانب سے ناموں کو حذف کرنے کیلئے عہدیداروں پر دباؤ بنایا جارہا ہے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سے درخواست کی گئی کہ کرناٹک حکومت کی طرز پر تلنگانہ میں بھی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کے ذریعہ حقائق کو منظر عام پر لایا جائے ۔ انہوں نے خاطیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ مشیر آباد ، بہادر پورہ اور گوشہ محل کے پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات پیش کی گئیں جہاں فارم 7 بڑی تعداد میں داخل کئے گئے۔ قائدین نے کہا کہ اقلیتوں اور کانگریس کے حامیوں کے ناموں کو بڑے پیمانہ پر فہرست رائے دہندگان سے نکالنے کی سازش تیار کی گئی ہے ۔ اس سازش میں بی جے پی کے ریاستی صدر رامچندر راؤ کے رول کی بھی جانچ ہونی چاہئے ۔ کمشنر پولیس کو دستاویزات حوالے کئے گئے اور بی ایل او اور دیگر الیکشن آفیسرس کی رپورٹ پیش کی گئی۔ کمشنر پولیس نے درخواستوں کی جانچ کرتے ہوئے ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔1/k