دنیا کے ٹاپ 5 ممالک میں چین سرفہرست، امریکہ اور ہندوستان دوسرے اور تیسرے نمبر پر
حیدرآباد 23 جون (سیاست نیوز) شہری علاقوں میں ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بناتے ہوئے شہریوں کی آمد و رفت میں سہولت پیدا کرنے کے معاملہ میں میٹرو نیٹ ورک نے اہم رول ادا کیا ہے۔ میٹرو نیٹ ورک کی توسیع کے معاملہ میں دنیا کے ٹاپ 5 ممالک کی نشاندہی کی گئی جن میں چین پہلے نمبر پر ہے۔ شہروں کی توسیع اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ کے نتیجہ میں چین نے زیادہ سے زیادہ شہروں کو میٹرو نیٹ ورک سے جوڑنے کا کام کیا ہے۔ سروے کے مطابق چین میں 11300 کیلو میٹر میٹرو نیٹ ورک پایا جاتا ہے جو ملک کی شہری ترقی کی تیز رفتاری کا مظہر ہے۔ شہری علاقوں میں ٹریفک کے بڑھتے مسائل سے نمٹنے میں میٹرو نیٹ ورک نے نمایاں رول ادا کیا ہے اور ایک اندازہ کے مطابق دنیا بھر میں روزانہ لاکھوں افراد میٹرو نیٹ ورک کے ذریعہ اپنی منزل تک پہونچتے ہیں۔ امریکہ 1400 کیلو میٹرس میٹرو نیٹ ورک کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے لیکن چین کے مقابلہ میں تقریباً 10 ہزار کیلو میٹر میٹرو نیٹ ورک میں پیچھے ہے۔ ہندوستان میں ابھی تک 1155 کیلو میٹر میٹرو نیٹ ورک کو توسیع دی گئی۔ گزشتہ 10 برسوں میں بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں کے علاوہ کرناٹک، ٹاملناڈو، تلنگانہ اور آندھراپردیش میں میٹرو نیٹ ورک کے توسیعی منصوبہ کو قطعیت دی گئی ہے۔ بعض ریاستوں میں میٹرو نیٹ ورک کے توسیعی کام میں مرکز نے مساوی حصہ داری ادا کی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد اور اُس کے اطراف کے کور اربن علاقہ کو میٹرو نیٹ ورک سے جوڑنے کے لئے 2 علیحدہ توسیعی منصوبوں کی منظوری کے لئے مرکز سے خواہش کی ہے۔ حکومت نے میٹرو ریل فیز I کو ایل اینڈ ٹی سے مکمل طور پر اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ دوسرے مرحلہ کے لئے مرکز سے 50 فیصد حصہ داری کی درخواست کی گئی لیکن ابھی تک مرکز نے کوئی جواب نہیں دیا۔ پراجکٹ کی ضرورت اور اہمیت کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے مرکز سے خواہش کی کہ وہ پراجکٹ کی تمام درکار منظوریوں کا عمل تیز کردے اور پراجکٹ کے مجموعی اخراجات ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔ حکومت اِس سلسلہ میں مالیاتی اداروں سے قرض حاصل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ دنیا کے ٹاپ 5 ممالک میں میٹرو نیٹ ورک کے اعتبار سے جاپان چوتھے اور ساؤتھ کوریا پانچویں نمبر پر ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ میٹرو نیٹ ورک کی توسیع کے نتیجہ میں شہری ترقی کے علاوہ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مرکزی حکومت نے ملک کے بڑے شہروں میں میٹرو کے توسیعی منصوبہ کے حق میں فیصلہ کیا ہے۔V/1/k/b