شین بام کی غیر ملکی جاسوسوں کیلئے سخت سزا کی وارننگ

   

میکسیکو سٹی : میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے جمعہ کو خبردار کیا کہ کوئی بھی غیر ملکی شہری بغیر اجازت سیکورٹی سے متعلق سرگرمیاں کرتے ہوئے پایا گیا تو اسے سخت جرمانے اور فوری قید کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شین بام نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کوئی بھی غیر ملکی جو تعاون، ہم آہنگی اور قومی سلامتی کے قانون کے فریم ورک سے باہر کی سرگرمیوں میں شامل ہے ، اسے حراست میں لیے جانے پر سخت ترین سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم میکسیکو کی حفاظت کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ڈرگ کارٹیل کو دہشت گرد تنظیم کے طور پر امریکہ کی طرف سے نامزد کرنا ’میکسیکو میں مداخلت کے بہانے ‘ کے طورپر کام نہیں کرنا چاہیے ۔ شین بام نے جمعرات کوقومی سلامتی اور خودمختاری کو مضبوط کرنے کے مقصد سے دو آئینی اصلاحات کی تجاویز پیش کیں۔ یہ قدم امریکی حکومت کی جانب سے چھ میکسیکن ڈرگ کارٹیل کو دہشت گرد تنظیموں کی اپنی فہرست میں شامل کرنے کے بعداٹھایا گیا ہے ۔ مجوزہ اصلاحات، جنہیں کانگریس کی طرف سے منظور کیا جانا ضروری ہے ، میکسیکو میں کسی بھی قسم کی غیر ملکی مداخلت کو روکنے کے لئے آئین کے آرٹیکل 19 اور 40 میں ترمیم کریں گی اورملک کے اندر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی غیر ملکی شہری پر زیادہ سے زیادہ جرمانہ عائد کریں گی ۔