صحت عامہ :تین اسکیموں کا یوم آزادی پر اعلان متوقع

   

حیدرآباد۔8۔اگست (سیاست نیوز) ملک کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر ہندوستانی عوام کے لئے وزیر اعظم کی جانب سے صحت عامہ اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے تین نئی اسکیموں کا اعلان متوقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی یوم آزادی کے موقع پر پرائم منسٹر جن آروگیہ یوجنا ‘ آیوش مان بھارت ڈیجیٹل مشن کے علاوہ پرائم منسٹر آیوش مان بھارت ہیلت انفراسٹرکچر مشن نامی اسکیمات کا اعلان کریں گے۔ ان تمام نئی اسکیمات کو نیشنل ہیلت مشن کے تحت رکھا جائے گا۔ مرکزی وزارت صحت کے عہدیداروںکے مطابق عالمی سطح پر طبی خدمات کو فروغ کے علاوہ ہندوستانی شہریوں کے لئے عالمی معیار کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے شروع کی جانے والی ان اسکیمات کا مقصد ہندوستان میں صحت مند ماحول کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ملک میں میڈیکل ٹورازم کو فروغ دینا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ان اسکیمات پر عمل آوری کی صورت میں دنیا کے مختلف ممالک سے ہندوستان کو علاج کیلئے پہنچنے والے مریضوں کے لئے سہولت فراہم ہوگی۔ بتایاجاتا ہے کہ ہندوستان میں علاج و معالجہ کی قیمتوں کا امریکہ کے ساتھ تقابل کیا جائے تو ہندوستان میں 65تا90 فیصد قیمتیں کم ہوتی ہیں اسی لئے ہندوستان میں علاج کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔