صحت مند معاشرے کیلئے جسمانی صحت بھی ضروری : ڈاکٹر عقیل احمد

   

نئی دہلی:انسانی زندگی میں صحت کی اہمیت خاص طور پر کورونا عہد کے دوران صحت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ صحت وہ انمول شئے ہے جس کے بغیر اچھی اور پُرلطف زندگی کاتصور نہیں کیاجاسکتا۔ یہ بات انہوں نے سینٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن کی جانب سے قومی اردو کونسل کے صدر دفتر میں تقسیم یونانی ادویات کیمپ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ بابائے قوم مہاتما گاندھی نے کہا تھا کہ صحت ہی زندگی ہے اس لیے صحت مند معاشرے کے لیے جسمانی صحت بھی بہت ضروری ہے ۔ ملک کے لوگ جس قدر صحت مند ہوں گے اسی قدر ملک کی خدمت بہتر طور پر انجام دے پائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی وزارت آیوش حکومت ہند کی طرف سے صحت بیداری مہم اور قوت مدافعت میں اضافہ کرنے والی ادویات کی تقسیم کا یہ عمل قابل تبریک و تحسین ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس کا واضح مطلب ہے کہ ہندوستانی حکومت عوام کی صحت کے تئیں نہایت حساس اور بیدار ہے ۔ اس لیے صحت کے محاذ پر مستعد اور متحرک ہے ۔ یوگا اور فٹ انڈیا جیسے پروگرام بھی اسی بیداریِ صحت کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس مہم سے ہمارے ملک کے وزیراعظم نریندر مودی جی کے ‘صحت مشن’ کا خواب بھی پورا ہوگا۔