صدر جمہوریہ دروپدی مرموسرمائی چھٹیوں کے بعد نئی دہلی واپس

,

   

گورنر سوندرا راجن اور اسپیکر اسمبلی نے وداع کیا
حیدرآباد ۔30 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جنوبی ہند میں گرمائی چھٹیاں گزارنے کے بعد آج نئی دہلی واپس ہوگئیں۔ صدر جمہوریہ نے راشٹرپتی نیلائم میں قیام کیا تھا اور اپنے 5 روزہ قیام کے دوران انہوں نے مختلف پروگراموں میں شرکت کی اور اہم مندروں کے درشن کئے ۔ حکیم پیٹ ایرپورٹ سے صدر جمہوریہ خصوصی طیارہ کے ذریعہ نئی دہلی واپس ہوئیں۔ ایرپورٹ پر گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن ، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی ، اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی ، وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راتھوڑ اور میئر حیدرآباد وجئے لکشمی کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں نے صدر جمہوریہ کو وداع کیا۔ گورنر نے صدر جمہوریہ کو تصاویر کا البم اور یادگاری تحائف پیش کئے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ریاستی وزراء صدر جمہوریہ کو وداع کرنے کیلئے موجود نہیں تھے جبکہ حیدرآباد آمد پر چیف منسٹر اور تمام وزراء نے ان کا استقبال کیا تھا۔ چیف منسٹر کے سی آر صدرجمہوریہ کے استقبال کے بعد تمام پروگراموں سے دوررہے۔ انہوں نے راج بھون میں گورنر کے عشائیہ اور راشٹرپتی نیلائم میں صدر جمہوریہ کے ظہرانہ میں شرکت نہیں کی۔ قبل ازیں راشٹرپتی مرمو نے یادادری مندر کا دورہ کرتے ہوئے خصوصی پوجا کی۔ مندر پہنچنے پر ان کا ویدک منتروں کے درمیان روایتی استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ کی دختر ایتی شری مرمو موجود تھیں۔ صدر جمہوریہ نے مندر کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن ، ریاستی وزراء اندرا کرن ریڈی ، جگدیش ریڈی ، ستیہ وتی راتھوڑ اور مندر کے اگزیکیٹیو آفیسر نے صدر جمہوریہ کا استقبال کیا۔ صدر جمہوریہ کی آمد کیلئے خصوصی ہیلی پیاڈ تیار کیا گیا تھا۔