نیویارک ۔ 17 اگست (ایجنسیز) صدر ٹرمپ نے مکہ دفاعی معاہدہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مشرق وسطیٰ میں علاقائی اتحاد کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے، جبکہ ان کے ایلچی جیرڈ کشنر نے حماس کے سربراہ سے ملاقات کی اور آج اسرائیلی وزیر اعظم سے بھی ملنے والے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر لکھا کہ یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ سعودی عرب، ترکی اور پاکستان نے حال ہی میں اور بالآخر مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پر دستخط کر دیئے ہیں۔ انہوں نے اسے ایک بڑا، جرأت مندانہ اور اہم پہلا قدم‘‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مشرق وسطیٰ کس طرح متحد ہو رہا ہے اور کس طرح ممالک بالآخر زیادہ بامعنی انداز میں اپنا دفاع کرنے کے قابل ہوں گے۔ تینوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ 7 اگست کو طے پایا تھا۔ یہ دفاعی معاہدہ ایسے وقت پر ہوا جب خطہ میں جاری جنگ اور کشیدگی نے علاقائی سلامتی سے متعلق خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔