ضلع یادگیر میں آتشزدگی کے واقعہ میں شوہر بیوی ہلاک

   

گلبرگہ : 29مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز): پیر کے دن سیدا پور ٹائون ضلع یادگیر میں آگ لگنے کے سبب 40سالہ شخص راگھویندرا اور ان کی 32سالہ بیوی شلپا جل کر ہلاک ہوگئیں ۔ یہ دونوں میں میاں بیوی کپڑوں کا کاروبار کیا کرتے تھے ۔ ان کے مکان کے پہلی اور دوسری منزل پر کپڑے رکھے رہتے تھے ۔ آگ پیر کے دن شام 5.30بجے لگی تھی ۔آگ نے ساری عمارت کو اپنے شکنجہ میں لے لیا تھا ۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والوں نے راگھویندر کے والدین کو ہوشیار کیا جو اس وقت دو بچوں کے ساتھ گرائونڈفلور پر نیند میں تھے ۔ وہ چاروں وہاں سے فرار ہوگئے جس کے سبب انھیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ لیکن عمارت کی پہلی منزل پر سوئے ہوئے میاں بیوی اس آگ سے بچنے اور فرار ہونے میں ناکام رہے۔ وہ دونوں جھلسنے اور بہت زیادہ جلنے کے سبب ہلاک ہوگئے ۔ اس حادثہ کے سبب لگی آگ کو بجھانے کے لئے فائیر انجنوں اور آتش فرو عملہ کو 5گھنٹے لگے ۔ متاثرہ مکان اشکول کلبندی کی ملکیت ہے۔ سپرینٹینڈینٹ آف پولیس ویدا مورتی نے متاثرہ مکان کا معائینہ کیا ۔