سیاست ایس ایس سی تلگو کوئسچن بنک کی اشاعت و مفت تقسیم
حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ادارہ سیاست کے زیر اہتمام ایس ایس سی تلگو زبان دوم کی رسم اجرائی تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے کہا کہ سال 2000 سے ہر سال ایس ایس سی کے کوئسچن بینک شائع ہورہے ہیں اور شہر اور اضلاع میں مفت تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ اس سے ایس ایس سی کے نتائج بھی شاندار برآمد ہورہے ہیں اس سال تلگو کا کوئسچن بنک ماہر تلگو محمد رفیع نے تیار کیا ہے ۔ طالب علم کو امتحان تیاری میں کس طرح مدد ملے گی ۔ ماہرین نے مفید مشورے دئیے ۔ جناب نعیم اللہ شریف نے طلبہ کو حالات حاضرہ کے مطابق اپنے آپ کو تیار کرنے کے لیے عصری تقاضوں کو پورا کرنے پر زور دیا ۔طالب علم کو چاہئے کہ وہ موبائل کا استعمال ترک کر کے پڑھائی پر توجہ دے کر اپنے مستقبل کو تابناک بنائیں ۔ جناب فضل الرحمن خرم ڈان اسکول نے کہا کہ تلگو ، انگلش اور اردو میڈیم کے طلبہ کے لیے بہت کار آمد ہے ۔ انہوں نے ادارہ سیاست اور جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ کے اس اقدام کی ستائش کی اور جناب ظہیر الدین علی خاں مرحوم سے دیرینہ وابستگی کے حوالہ سے ان کے ملی خدمات کو خراج پیش کیا ۔ جناب خلیل الرحمن نے عامر علی خاں کی طلبہ کو امتحان کی تیاری کے لیے جو مشورہ دیا اس کو موثر قرار دیتے ہوئے اسکول انتظامیہ کو اس سے استفادہ پر زور دیا ۔ تقریب رسم اجرائی کے بعد تلگو کوئسچن بینک کی مفت تقسیم عمل میں آئی ۔ پروگرام کا آغاز قرات سے ہوا ۔ صفدریہ اسکول کے طلبہ نے حمد و نعت پیش کی اور بوسٹن مشن اسکول کی طالبہ نے اردو نظم پیش کی ۔ اس موقع پر بوسٹن مشن اسکول کے تلگو پنڈت محمد رفیع کی شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی ۔ جناب عمران احمد نے کتاب کی تیاری میں مدد کی ۔ اس موقع پر محمد ماجد ، حافظ صابر پاشاہ قادری ، تمیز الدین احمد موجود تھے ۔ آخر میں قومی ترانہ پر اختتام ہوا ۔۔