بجٹ میں افغانستان کیلئے مالی امداد کا اعلان خوش آئند، مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں گے
کابل : طالبان نے ہندوستان کے سالانہ عام بجٹ کا خیر مقدم کیا ہے۔ طالبان قائدوں کا کہنا ہے کہ ہندوستانی بجٹ میں افغانستان کے لیے مالی امداد کے اعلان سے دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہوں گے اور باہمی اعتماد میں اضافہ ہو گا۔ افغانستان میں حکمران طالبان نے یہ تبصرہ ہندوستانی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کی طرف سے سال 2023-2024 کے لیے پیش کیے گئے بجٹ پر کیا ہے۔ اس بجٹ میں افغانستان کی ترقی کے مد میں 200 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ ہندوستانی وزیر خزانہ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے طالبان کے سینئر قائد اور دوحہ میں طالبان کے سیاسی امور کے سربراہ سہیل شاہین نے کہا، ”افغانستان کی ترقی کے خاطر ہندوستان کی جانب سے امداد کے لیے ہم ان کے مشکور ہیں۔ اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہوں گے اور باہمی اعتماد میں بھی اضافہ ہو گا۔ خیال رہے کہ اگست 2021 میں جب طالبان نے افغانستان میں اقتدار پر قبضہ کیا تھا تو دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی اور ہندوستان کی جانب سے وہاں جاری بیشتر امدادی سرگرمیاں رک گئی تھیں۔ جب سہیل شاہین سے اس حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا، ”افغانستان میں متعدد پروجیکٹوں میں ہندوستان مالی مدد دے رہا ہے۔ اگر ہندوستان ان پروجیکٹوں پر کام بحال کر دیتا ہے تو اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں اضافہ ہو گا اور بے اعتمادی کی فضا ختم ہو گی‘‘۔ افغان خبر رساں ایجنسی خامہ پریس کے مطابق طالبان قائد شاہین نے کہا کہ افغانستان کے عوام اس وقت غربت اور بے روزگاری سے دوچار ہیں اور ملک میں تعمیر نو اور ترقیاتی پروجیکٹوں کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ طالبان حکومت کو اب تک تسلیم نہ کرنے کے باوجود ہندوستان نے مسلسل دوسرے برس بھی اسلامی جمہوریہ افغانستان کو مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ خامہ پریس کے مطابق ہندوستان نے گزشتہ برس کے عام بجٹ میں بھی افغانستان کے لیے مالی مدد کا اعلان کیا تھا۔ ہندوستان افغانستا ن میں متعدد ترقیاتی اور تعمیری پروجیکٹوں پر کام کر رہا ہے۔ اس نے افغان پارلیمان کی عمارت کی تعمیر اور ہرات میں ہندوستان افغانستان دوستی ڈیم کی بھی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تاریخی اور ثقافتی روابط بھی ہیں۔ حالیہ عرصے میں نئی دہلی نے افغان عوام کی مدد کے لیے گیہوں، ویکسین اور دیگر اشیاء بھی کابل بھیجے ہیں۔