طبقاتی سروے اور ایس سی زمرہ بندی پر رپورٹ کو منظوری

   

جسٹس شمیم اختر کمیشن رپورٹ پر قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کا فیصلہ
کابینہ
کا اجلاس

حیدرآباد۔/4فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کے اجلاس میں ذات پات پر مبنی طبقاتی سروے 2024 کو منظوری دی گئی۔ کابینہ نے ایس سی زمرہ بندی کے بارے میں ایک رکنی جسٹس شمیم اختر کمیشن کی رپورٹ کو بھی منظوری دی ہے۔ اسمبلی کے کانفرنس ہال میں آج صبح ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جو تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر صدارت اجلاس میں طبقاتی سروے رپورٹ پر تفصیل سے غور و خوض کیا گیا۔ چیف منسٹر نے مختلف طبقات کی آبادی اور ان کی سماجی، معاشی اور تعلیمی پسماندگی سے متعلق تفصیلات کو فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں استعمال کرنے کا یقین دلایا۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق تلنگانہ میں ایس سی زمرہ بندی کے حق میں جسٹس شمیم اختر کمیشن تشکیل دیا گیا تھا جس نے کل اپنی رپورٹ کابینی سب کمیٹی کو پیش کردی۔ کابینی اجلاس میں کمیشن کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ایس سی زمرہ بندی کے بارے میں کوئی فیصلہ ہوگا۔ چیف منسٹر نے کابینی سب کمیٹی کی ستائش کی جس نے طبقاتی سروے اور ایس سی زمرہ بندی کے سلسلہ میں غیر معمولی کام کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے وزراء کو پابند کیا کہ وہ دونوں رپورٹس کے بارے میں میڈیا میں بیان بازی سے گریز کریں۔1