طلبہ کے کاسمیٹکس چارجس راست بینک اکاؤنٹ میں جمع کرنے کی ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے آج سماجی بھلائی اقلیتی بہبود اور قبائلی بہبود کے ہاسٹلس میں طلبہ کو کاسمیٹکس چارجس کی ادائیگی پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ حکومت نے کاسمیٹکس چارجس طلبہ کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکومت کے احکامات پر عمل آوری کے لئے چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی اور کہا کہ کاسمیٹکس چارجس کی بینک اکاؤنٹس میں راست منتقلی کی حکمت عملی طئے کی جائے۔ چیف سکریٹری نے سکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں کہا کہ آئندہ ماہ جون میں تعلیمی اداروں کا آغاز ہوگا۔ عہدیداروں کو چاہئے کہ طلبہ کے آدھار کارڈ ، فوٹو اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ڈبٹ کارڈ کی منظوری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی کاسمیٹکس چارجس طلبہ کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کئے جائیں۔ تقریباً 6 لاکھ طلبہ کو کاسمیٹکس چارجس ادا کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کاسمیٹکس چارجس کی راست طور پر ادائیگی کی ہدایت دی ہے تاکہ طلبہ اپنی مرضی سے ضروری اشیاء خرید سکیں۔ چیف منسٹر نے ایک ہی دن میں تمام طلبہ کو رقم جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ طلبہ کو کاسمیٹکس چارجس کے استعمال کیلئے ڈبٹ کارڈ کی طرز پر اسمارٹ کارڈ فراہم کیا جائے گا ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ضروری کاسمیٹکس اشیاء کے حصول کیلئے خواتین کے گروپس کی جانب سے موبائل اسٹالس قائم کئے جائیں۔ اجلاس میں راجیو یووا وکاسم اور دیگر اسکیمات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ این سریدھر ، سوشیل ویلفیر اقامتی اسکول سوسائٹی کے سکریٹری ڈاکٹر اے ورشنی ، سکریٹری بی سی ویلفیر سریدھر ، سکریٹری ایس ٹی ویلفیر شرد اور سکریٹری بہبودی خواتین و اطفال انیتا رام چندرن نے شرکت کی۔1