ظہیرآباد 19 نومبر (راست) آج سے 7 ماہ قبل ظہیرآباد کے موضع بوچنلی کی رہنے والی 20 سالہ ستوار نسرین بنت ستوار قدیر جن کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا، ظہیرآباد سے اچانک لاپتہ ہوگئی۔ چند شرپسند غیر سماجی عناصر مذکورہ لڑکی کا کسی بہانے اغواء کرکے حیدرآباد فرار ہوگئے۔ اس دوران لڑکی کا ایک ویڈیو معہ تصویر سوشل میڈیا، اخبارات میں گشت ہوا تھا۔ مذکورہ لڑکی نسرین ہمایوں نگر پولیس حدود میں پریشانی کی حالت میں نظر آئی جہاں پولیس نے نسرین کو چندرائن گٹہ میں واقع ماہی اولڈ ایج ہوم کے حوالہ کیا تھا۔ پریشان حال نسرین کی والدہ شبانہ بیگم کئی ایک سیاسی سماجی اور مذہبی قائدین سے رجوع ہوکر اپنی بیٹی کو حاصل کرنے اپنے گاؤں بوچنلی واپس لانے کی درخواست کی تھی جو سودمند ثابت ہوئی۔ آخرکار ان کی والدہ نے قاضی سید معزالدین سے رجوع ہوئیں اور سارا واقعہ بیان کیا جس پر خود قاضی معزالدین، محمد عطاء اللہ کے ہمراہ ماہی اولڈ ایج ہوم چندرائن گٹہ پہونچ کر کامیاب نمائندگی کے بعد ستوار نسرین کو ان کی والدہ کے حوالہ کیا۔ اس پر افراد خاندان نے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔