عازمین حج کو پاسپورٹ جمع کرانے کیلئے 18 فروری تک مہلت

   

حیدرآباد۔/2فروری، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2025 کے منتخب عازمین حج کو پاسپورٹ و دیگر دستاویزات کی پیشکشی کیلئے 18 فروری تک کی مہلت دی ہے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا نظیم احمد نے ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کیا ہے۔ حج 2025 کے تمام منتخب عازمین کو اوریجنل انٹر نیشنل پاسپورٹ ریاستی حج کمیٹیوں کے پاس 18 فروری تک جمع کرانا ہوگا۔ پاسپورٹ کی میعاد باقی رہنی چاہیئے۔ سرکولر میں کہا گیا کہ پاسپورٹ کی پیشکشی سے قبل اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وہ بہتر حالت میں ہو اور کوئی نقصان نہ پہنچا ہو۔ پاسپورٹ میں کم از کم دو صفحات خالی ہونے چاہیئے۔ اگر کسی عازم حج کا پاسپورٹ نقصان زدہ ہو یا خالی صفحات نہ ہوں تو وہ متعلقہ حج کمیٹی سے رجوع ہوکر موجودہ پاسپورٹ کی کاپی ریکارڈ کیلئے داخل کریں اور پھر فوری نئے پاسپورٹ کیلئے درخواست دیں۔ نیا پاسپورٹ 18 فروری تک جمع کرادیا جائے ۔ ریاستی حج کمیٹیوں سے کہا گیا کہ وہ پاسپورٹس کی جانچ کرکے نقائص والے پاسپورٹ کو واپس کردے اور اندرون پندرہ یوم نیا پاسپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دیں۔ پاسپورٹ کے مقررہ مدت میں ادخال سے ویزا کے حصول اور دیگر حج انتظامات میں سہولت ہوگی۔ ریاستی حج کمیٹیوں کو اس سلسلہ میں عازمین حج سے تعاون کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔1