نئی دہلی: مسیح الملک حکیم اجمل خاں کا یوم پیدائش 12 فروری کو ہر سال عالمی یونانی میڈیسن ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے ۔اس کی مناسبت سے ہر سال آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کی جانب سے ایک پروقار تقریب منعقد کی جاتی ہے ۔ اس سال بھی تنظیم کی جانب سے 12 فروری 2025 کو کانسٹی ٹیوشن کلب نئی دہلی میں تقریب منعقد ہونی ہے جس کی تیاریاں زورو شورو سے چل رہی ہیں ۔اسی سلسلہ میں آج دریا گنج میں آل انڈیا یونانی طبی کانگریس فارمیسی ونگ کی جانب سے جائزہ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ونگ کے قومی صدر حکیم ارباب الدین ( ایم ڈی صدر دواخانہ اور صدر لیبار ٹریز نے کی ۔میٹنگ کا آغاز طبی کانگریس فارمیسی ونگ کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر عزیر بقائی کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر شکیل احمد نے انجام دئے ۔ حکیم نعیم رضا نے کہا کہ مسیح الملک حافظ حکیم اجمل خان نہ صرف ایک ماہر طبیب تھے بلکہ ایک بلند پایہ سیاسی رہنما، مجاہد آزادی، ماہر تعلیم اور منکسر مزاج شخصیت کے مالک تھے ۔ طبی کانگریس کا ایک ایک رکن اپنی ذمہ داری بحسن و خوبی انجام دے رہاہے اور 12 فروری کو ہونے والے پروگرام کی تیاریاں تقریبا مکمل ہوچکی ہیں ۔