عالیہ نے الفا کے لئے سخت محنت کی :کریگ میکرے

   

ممبئی، 18 جون (آئی اے این ایس) فلم الفا کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ایکشن ڈائریکٹرکریگ میکرے، جنہوں نے عالمی شہرت یافتہ خواتین ایکشن اداکاراؤں جیسے چارلیز تھیرون اور میلا یوووچ کے ساتھ کام کیا ہے، انہوں نے فلم الفا میں عالیہ بھٹ اور شرواری کی کارکردگی کی بھرپور تعریف کی ہے۔کریگ میکرے نے کہا کہ عالیہ بھٹ کو دیگر خواتین ایکشن اسٹارز سے جو چیز منفرد بناتی ہے، وہ ان کی غیر معمولی محنت اورکام کے لیے بے مثال لگن ہے۔ انہوں نے الفاکی تیاری کے لیے بے حد وقت اور توانائی صرف کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا عالیہ نے فلم کے لیے انتہائی سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ کام کیا اور میرا خیال ہے کہ یہی چیز پردہ سیما پر ان کی موجودگی کو سب سے زیادہ مؤثر بنائے گی۔ کریگ نے بتایا کہ عالیہ کی تیاری صرف ایکشن مناظر تک محدود نہیں تھی بلکہ انہوں نے اپنے کردارکی مکمل تیاری پر بھی بھرپور توجہ دی۔ عالیہ نے کردارکی تیاری کے لیے بھی غیر معمولی محنت کی۔ وہ ان فنکاروں میں شامل ہیں جو مطلوبہ معیار سے بڑھ کرکام کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور فلم کے تقاضوں سے کہیں زیادہ محنت کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔ کریگ میکرے نے فلم الفاکے ایکشن مناظرکو حقیقت کا رنگ دینے میں عالیہ بھٹ اور شرواری کی بہترین ٹیم ورک کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا، عالیہ اور شرواری اس فلم کے لیے واقعی غیر معمولی ثابت ہوئیں۔ جسمانی تیاری، مہارتوں کی تربیت اور اسٹنٹ ٹریننگ کے لیے انہوں نے جس انداز میں محنت کی، وہ انتہائی متاثرکن تھی۔ انہوں نے مزید کہا ایسے اداکار بہت کم ملتے ہیں جو اس قدر وقت اور محنت صرف کرنے کے لیے تیار ہوں، جتنی عالیہ اور شرواری نے اس فلم کے لیے کی۔ کریگ کے مطابق ان کی اسی شاندار تیاری نے ایکشن ڈیزائنرز اور اسٹنٹ ٹیم کا کام کافی آسان بنا دیا، کیونکہ ہمارے پاس ایسے اداکار موجود تھے جو نہایت اچھی طرح تیار تھے اور جنہیں ہم جس بھی سطح کا ایکشن ڈیزائن کرتے، وہ اسے بخوبی انجام دینے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ یش راج فلمزکے بینر تلے بننے والی فلم الفا کی ہدایت کاری شیو روایل نے کی ہے، جبکہ یہ فلم 3 جولائی کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔