عامر خاں کی گوری سے 5 جولائی کو شادی

   

فلمسٹار نے سوشیل میڈیا پر شادی کی اطلاعات کی توثیق کی
حیدرآباد ۔5 ۔ جون (سیاست نیوز) فلمسٹار عامر خاں نے آخرکار اپنی لیو ان پارٹنر گوری اسپراٹ سے شادی کے منصوبہ کی توثیق کرتے ہوئے بتایا کہ 5 جولائی کو دونوں ازدواجی بندھن میں بندھ جائیں گے۔ سوشیل میڈیا میں گزشتہ چند دنوں سے عامر خاں اور گوری کی شادی کی اطلاعات کافی وائرل ہوچکی ہے۔ عامر خاں جو ان دنوں امریکہ کے دورہ پر ہے، انہوں نے 5 جولائی کو باقاعدہ شادی کی تصدیق کی۔ چند ماہ قبل عامر خاں نے کہا تھا کہ وہ اپنے نئے مکان میں گوری کے ساتھ خوشگوار زندگی بسر کر رہے ہیں اور ان کے درمیان شادی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رشتہ کو مزید بڑھاتے ہوئے دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا ہے۔ گوری میری پارٹنر ہے اور میں نے اپنے دل میں ان سے پہلے ہی شادی کرلی ہے۔ عامر خاں نے مختلف میڈیا چیانلس کی جانب سے ربط قائم کئے جانے پر 5 جولائی کو شادی کی توثیق کی۔ بتایا جاتا ہے کہ عامر خاں کی رہائش گاہ پر شادی کی مختصر تقریب ہوگی جس میں چنندہ شخصیتوں اور رشتہ داروں کو مدعو کیا جائے گا۔ شاہ رخ خاں اور سلمان خاں ہندوستان میں اپنی موجودگی کی صورت میں تقریب میں شامل ہوسکتے ہیں۔ گوری کا تعلق بنگلور سے ہے اور وہ ویلنیس اور بیوٹی انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔ مارچ 2025 میں اپنی 60 ویں سالگرہ پر عامر خاں نے گوری کا میڈیا سے تعارف کرایا تھا۔ گوری کو ان کے سابقہ شوہر سے7 سالہ لڑکا ہے۔ 2024 کے اوائل میں بنگلور میں نزہت خاں کے ذریعہ عامر خاں کا گوری سے تعارف ہوا ، اس کے بعد سے دونوں ایک دوسرے کے قریب آگئے۔ ایک سال سے زائد عرصہ سے وہ ساتھ میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ عامر خاں کی یہ تیسری شادی ہے ، وہ سابق میں کرن راؤ سے شادی کرچکے ہیں جو 2005 سے 2021 تک برقرار رہی۔ اس سے قبل عامر خاں نے رینہ دتا سے شادی کی جو 1986 سے 2001 تک برقرار رہی۔1/k/m/b