اطراف و اکناف کے علاقوں میں تشویش کی لہر ، متعلقہ محکمہ کی توثیق
حیدرآباد۔2۔اپریل(سیاست نیوز) برڈ فلو کے خطرات نے ایک مرتبہ پھر سے شہر حیدرآباد کے نواحی اور مضافاتی علاقوں میں برائیلر پالنے والے کسانوں کو تشویش میں مبتلاء کردیا ہے۔ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ عبداللہ پور میٹ کے علاقہ میں برائیلر مرغ کی اموات پر متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں نے مردہ مرغیوں کے نمونہ حاصل کرتے ہوئے اس بات کی توثیق کی ہے کہ ان اموات کی بنیادی وجہ برڈ فلو ہے اور اس سلسلہ میں محکمہ کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جائیں گے۔ عبداللہ پور میٹ منڈل میں مرغیوں کی اموات کے اس واقعہ کے بعد اطراف واکناف کے علاقوں میں پھیلنے والی تشویش کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ برڈ فلو وائرس کی موجودگی نے پرندوں کو پالنے والے کسانوں میں تشویش پیدا کردی ہے کیونکہ برڈ فلووائرس کی موجودگی کے سبب مزید پرندوں کی اموات کا خدشہ ہے اسی لئے اسے پھیلنے سے روکنے کے لئے پرندوں کو ادویات دینے کے علاوہ پولٹری فارمس میں ادویات کے چھڑکنے کے اقدامات ضروری ہیں تاکہ مرغیوں کی اموات کو روکا جاسکے۔ عہدیداروں کے مطابق عبداللہ پورمیٹ منڈل میں مرغیوں کی اموات کی برڈ فلو کے سبب اموات کی توثیق کے بعد کسانوں میں پائی جانے والی تشویش کو دور کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کسانو ںمیں شعور اجاگر کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جا رہاہے تاکہ پرندوں کو فوت ہونے سے بچایا جاسکے۔ عہدیداروں کے مطابق عبداللہ پور میٹ میں پیش آئے مرغیوں کی اموات کے واقعہ میں ہزاروں پرندوں کے فوت ہونے کی توثیق کی گئی ہے۔3