حیدرآباد۔30 اپریل (سیاست نیوز) جامعہ عثمانیہ کے ہاسٹلس گرمائی تعطیلات کے دوران بھی کھلے رہیں گے اور طلبہ کو تخلیہ نہیں کروایا جائے گا اور نہ میس بند کئے جائیں گے ۔ رجسٹرارجامعہ عثمانیہ ڈاکٹر پی لکشمی نارائنا نے آج جاری احکامات میں کہا کہ جامعہ عثمانیہ کے ہاسٹلس کو گرمائی تعطیلات میں بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا اور یکم تا 31 مئی ہاسٹلس اور میس بند کرنے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا لیکن طلبہ کی نمائندگیوں پر یونیورسٹی انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ تمام ہاسٹلس حسب روایت گرمائی تعطیلات میں بھی کھلے رہیں گے۔ ہفتہ کی رات دیر گئے کیمپس میں طالبات کی جانب سے ہاسٹل میں پانی کی سربراہی نہ ہونے اور برقی سربراہی میں خلل کے علاوہ ٹینکرس سے پانی کی سربراہی کو بہتر نہ بنانے پر بھوک ہڑتال شروع کرنے کا انتباہ دیا تھا اور کہا تھا کہ یونیورسٹی ہاسٹل کے بلاک 1 میں پانی کی قلت سے طالبات کو مسائل کا سامنا ہے۔ طالبات کے احتجاج کے دوسرے دن انتظامیہ نے چیف وارڈن کے احکام دیواروں پر چسپاں کئے گئے جس میں یونیورسٹی ہاسٹلس کو یکم تا 31مئی گرمائی تعطیلات کیلئے بند کرنے کے فیصلہ سے واقف کروایا گیا تھا اور اس فیصلہ کو اکیڈیمک کیلنڈر کے مطابق قرار دیتے ہوئے درست قرار دینے کی کوشش کی لیکن طلبا تنظیموں نے طالبات کے احتجاج و یونیورسٹی کے رویہ کو سیاسی رنگ دے کر اس کا استعمال کرنا شرو ع کردیا تھا اور اندرون 24 گھنٹے یونیورسٹی ہاسٹلس کو بند کرنے کے فیصلہ کے خلاف نمائندگیوں کا سلسلہ شروع ہوا جس پر رجسٹرار نے آج بتایا کہ یونیورسٹی نے طلبہ کی سہولت کیلئے عارضی طور پر گرمائی تعطیلات کے دوران ہاسٹلس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن طلبہ تنظیموں کی نمائندگیوں کے بعد اس فیصلہ کو واپس لیا گیا ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ گرمائی تعطیلات میں جو طلبہ ہاسٹلس میں قیام کرنے اور سلسلہ تعلیم جاری رکھنے والے ہیں انہیں تخلیہ کیلئے نہیں کہا جائے گا بلکہ انہیں میس و دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے انتظامیہ بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔3