محمد راشد ؍ ابوالحسن
حضرت سیدنا حبیب مجتبیٰ بن جعفر العیدروس رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سراپا علم و عمل اور پیکر محبت و معرفت تھے ۔ آپؒ کا شمار خاندان باعلویہ عیدروسیہ کے اُن جلیل القدر افراد میں ہوتا ہے جو نسل در نسل علم و عرفان اور دعوت و ارشاد کے چراغ جلاتے رہے۔ آپؒ کا شجرۂ نسب چھتیسویں پشت میں امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام سے جاملتا ہے۔ آپؒ کے والد گرامی ولی کامل حضرت الحبیب جعفر بن احمد العیدروس دکن میں فیضانِ سلسلہ باعلویہ عیدروسیہ کے عظیم مرشد و مربی تھے۔آپؒ کی ولادت ۱۰ ؍ ڈسمبر ۱۹۴۹ ء م ۱۰؍ صفر المظفر ۱۳۶۹ ھ کو منزل الرحمہ، فتح دروازہ، حیدرآباد دکن میں ہوئی۔قرآن خوانی کی تعلیم استاذ العلماء حافظ عبداللہ بن سند بارواز الکثیری کے دستِ مبارک پر ابتداء تا انتہاء مکمل ہوئی۔ تعلیم قرآن کے علاوہ باقاعدہ علوم شریعت اپنے والد حبیب جعفرؒ سے اخذ کرتے رہے۔ مزید علوم علامہ حبیب عبداللہ بن احمد المدیحج ؒ، علامہ شیخ الحبیب ابوبکر بن شہابؒ اور بطور خاص حافظ مرزا عبد العزیز بیگؒ سے اکتساب علوم فرماتے رہے۔ علاوہ اس کے آپؒ کو علم کیمیا سے بڑا شغف تھا مگر والد گرامی حضرت حبیب جعفرؒ کی خواہش پر آپؒ نے اپنے بڑے بھائی حضرت حبیب عبد الرحمن العیدروسؒ کی طرح جامعہ عثمانیہ سے شعبہ اسلامیات سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ حبیب مجتبیٰؒ نے اپنی نوجوانی میں والد بزرگوار کے ہمراہ حاکم وقت آصف جاہ سابع میر عثمان علی خاںؒ کا آخری دور بھی دیکھا۔ مشاہیر وقت میں حیدر آباد دکن کے تمام پائیگاہ، نواب ؒ عہدیداران ریاست حیدر آباد دکن، علمائے دین سے روابط اور اُن کا حبیب مجتبیٰ ؒ سے اکتساب فیض بھی حاصل کرنا شامل ہے ۔ ۱۳۹۵ھ کو والد گرامی حبیب جعفر بن احمد العیدروس کے وصال کے بعد آپؒ نے سلسلۂ با علویہ عید روسیہ کی امامت و ارشاد کی ذمہ داری سنبھالی اور تقریباً باون (۵۲) برس تک لوگوں کے قلوب کو فیضانِ سلسلہ عالیہ، ذکر الٰہی و محبت ِرسول ﷺ سے معمور فرماتے رہے۔ ۵ ؍ جمادی الاول ۱۴۴۷ ھ بمطابق ۲۸ ؍ اکٹوبر ۲۰۲۵ ء بروز منگل کی صبح آپؒ نے داعی اجل کو لبیک کہا۔ آپؒ کے عقب میں چار بھائی ہیں اور دو ازواج جن سے سات صاحبزادے اور تین صاحبزادیاں ہیں۔ ان میں سے دو صاحبزادیوں کا انتقال آپؒ کی حیات ہی میں ہو گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ حضرت سیدی حبیب مجتبیٰ العیدروس ؒکی مغفرت فرمائے، اُن کے درجات بلند فرمائے، اُن کے فیضان کو تاقیامت جاری رکھے اور مریدین و معتقدین کو آپؒ کی تعلیم و عملی نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین