عمارتو ں میں ناقص مٹیریل، ترک میئر سمیت 184 گرفتار

   

انقرہ : ترک حکومت نے عمارتوں میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل استعمال کرنے کے الزام میں ایک مئیر اور درجنوں ٹھیکداروں سمیت کُل ایک سو چوراسی افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ حالیہ زلزلے سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد عمارتیں متاثر ہوئی ہیں۔ترک وزیر انصاف بیکر بوزداگ نے ہفتے کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک کے جنوب میں تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں منہدم ہونے والی عمارتوں کی تیاری میں مبینہ غفلت برتنے پر 184 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ترک حکومت کو تعمیراتی معیارات نظرانداز کرنے اور عمارتوں کی تیاری میں ناقص میٹریل استعمال ہونے کے حوالے سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ان میں درجنوں ٹھیکدار بھی شامل ہیں۔ ترک نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق صوبے غازی انتیپ کے ضلع نورداغی کے میئر کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ وزیر انصاف نے مزید کہا کہ میئر اوکیس کاواک کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔حکومتی اعداد و شمار کے مطابق چھ فروری کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ایک لاکھ تہتر ہزار سے زائد عمارتیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ بے گھر ہونے والے متاثرین کی تعداد تقریبا 20 لاکھ بنتی ہے۔