سنگاریڈی میں اسمبلی حلقہ سطح پر اجلاس ، عوامی نمائندے ، خواتین گروپس کی شرکت
سنگاریڈی ۔2 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پرجا پالنا پرگتی پرنالیکا کے تحت جاری 99 روزہ پروگرام کے سلسلہ میں سنگاریڈی کے پی ایس آر گارڈن میں ہفتہ کو حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عوامی نمائندے، خواتین گروپس اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ نرملا جگا ریڈی چیرمین تلنگانہ انڈسٹریل انفرا اسٹرکچر کارپوریشن نے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوے کہا ہے کہ ریاستی حکومت ہر مستحق خاندان تک فلاحی اسکیمات کے فوائد پہنچانے کے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے اور عوامی بہبود ہی کانگریس حکومت کی اصل ترجیح ہے۔کانگریس حکومت نے اقتدار پر فائض ہوتے ہی عوام سے کیے گئے وعدوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صرف 48 گھنٹوں کے اندر مہالکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفری سہولت فراہم کی جس سے لاکھوں خواتین مستفید ہورہی ہیں۔ اندرامّاں ہاؤزنگ، گروہا جیوتی اور 500 روپے میں گیاس سلنڈر جیسی فلاحی اسکیمات کے ذریعہ غریب اور متوسط طبقات کو راحت پہنچائی جارہی ہے۔ انہوں نے سابق بی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت اپنے دور اقتدار میں ایک بھی نیا راشن کارڈ جاری نہیں کرسکی، جبکہ موجودہ کانگریس حکومت نے اقتدار میں آتے ہی مستحق غریب خاندانوں کو نئے راشن کارڈس فراہم کرنے کا عمل شروع کردیا۔ نرملا جگا ریڈی نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل اور بااختیار بنانا حکومت کا اہم مقصد ہے۔ اسی مقصد کے تحت خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو بڑے پیمانے پر مالی تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں خواتین گروپس کے لیے 195.18 کروڑ روپے مالیتی بینک قرضہ جات تقسیم کیے گئے۔ اس اجلاس میں ڈی آر ڈی او جیوتی، آر ڈی او راجندر، سنگاریڈی و سداسیوپیٹ میونسپل چیرپرسن کونا ونیتا اور انجماں، سی ڈی سی چیئرمین رام ریڈی، مارکٹ کمیٹی چیئرمین رام چندر نائک، میونسپل کمشنرس سرینواس ریڈی، شیواجی اور دیگر عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔