عوامی منتخب نمائندوں کیلئے کانسٹی ٹیوشن کلب تعمیر کرنے کا فیصلہ

   

آدرش نگر نیو ایم ایل اے کوارٹرس کی 4 ایکر اراضی کی نشاندہی، خانگی کمپنی کوڈی پی آر تیار کرنے کی ذمہ داری
حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) حکومت ریاست کے موجودہ ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان قانون ساز کونسل کیلئے ایک کانسٹی ٹیوشن کلب قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد کے آدرش نگر میں موجود نیو ایم ایل اے کوارٹرس کے 4 ایکر اراضی پر جدید ترین سہولیات کے ساتھ یہ کلب تعمیر کیا جارہا ہے۔ فی الحال دہلی اور راجستھان کے جئے پور میں کانسٹی ٹیوشن کلبس دستیاب ہیں۔ کانگریس حکومت حیدرآباد میں بھی اسی طرز پر کلب قائم کررہی ہے۔ محکمہ عمارات و شوارع کو کلب تعمیر کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جس پر ڈپارٹمنٹ نے ایک خانگی کمپنی کو کلب کے تعمیراتی ڈیزائن کے بشمول مختلف پہلوؤں پر ایک جامع پراجکٹ رپورٹ (DPR) تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ڈیزائن کو حتمی شکل دینے کیلئے کمپنی نے آدرش نگر میں نیو ایم ایل اے کوارٹرس کا معائنہ کیا ہے۔ آدرش نگر میں 55 سال قبل متحدہ آندھرا پردیش میں تقریباً 22 ایکر اراضی کے رقبہ پر عوامی منتخب نمائندوں کی رہائش کیلئے 185 کوارٹرس تعمیر کئے تھے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سابق بی آر ایس حکومت نے عوامی منتخب نمائندوں کو حیدرآباد میں نئے کوارٹرس تعمیر کئے جس کے نتیجہ میں زیادہ تر سابق عوامی منتخب نمائندے آدرش نگر کے نیو ایم ایل اے کوارٹرس میں قیام پذیر ہیں۔ دوسری طرف سابق حکومت کے دور میں نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کے دوران ان کوارٹرس میں چند سرکاری دفاتر بھی منتقل کئے گئے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ریاست کے حصے کے طور پر حاصل ہونے والے کوارٹرس کو ماضی میں منہدم کردیا گیا اب وہ علاقہ خالی پایا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ مزید تھوڑی اراضی جوڑتے ہوئے جملہ 4 ایکر اراضی پر کانسٹی ٹیوشن کلب قائم کیا جارہا ہے۔ لفظ کلب کا نام آتے ہی زیادہ تر عوام میں مختلف خیالات جنم لیتے ہیں تاہم حکومت کی جانب سے قائم کئے جانے والے اس کانسٹی ٹیوشن کلب میں چند موضوعات پر مباحث کا اہتمام کرتے ہوئے کانفرنس کے اہتمام کرنے کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ موجودہ اور سابق ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، ارکان قانون ساز کونسل کو اس میں مختلف اجلاس منعقد کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ساتھ ہی پریس کانفرنس اور دیگر اجلاس منعقد کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا جس کے لئے تمام سہولیات سے آراستہ کشادہ ہالس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ عوامی منتخب نمائندوں کو آرام کرنے کیلئے گیسٹ ہاؤز، جم اور اسپورٹس کی بھی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ 2