عوامی نمائندوں تک عوام کی عدم رسائی افسوسناک

   

ترقیاتی کاموں میں تاخیر باعث تشویش، بانسواڑہ میں ڈاکٹر امبیڈکر کی یوم پیدائش تقریب

رکن اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی کا خطاب
کاماریڈی:۔14 اپریل ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) معمار دستور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 135ویں جینتی کے موقع پر بانسواڑہ میں شاندار تقاریب منعقد کی گئیں۔ مقامی امبیڈکر چوراہے پر واقع مجسمہ پر پھول مالا چڑھا کر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی مشیر و رکن اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی اور ریاستی اگروس انڈسٹری کے چیئرمین بالاراجو نے شرکت کرتے ہوئے امبیڈکر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اس موقع پر پوچارام سرینواس ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر امبیڈکر کے بتائے ہوئے راستے پر عمل کیا جائے تو ملک سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے، کیونکہ انہوں نے اپنے تحریر کردہ آئین کے ذریعے تمام طبقات کو مساوی حقوق فراہم کیے۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈکر کی شخصیت ہر ایک کے لیے مشعل راہ ہے اور ان کے اصول آج بھی یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔بعد ازاں انہوں نے کل ہوئے واقعے پر اور عوامی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر باعث تشویش ہے اور عوامی نمائندوں کو عوام کی رسائی میں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں وہ خود وزیر رہتے ہوئے عوام کی کالز کا فوری جواب دیتے تھے، تاہم موجودہ حالات میں عوامی نمائندوں کا دستیاب نہ ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بانسواڑہ حلقہ کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں ریونت ریڈی کی جانب سے دو سو کروڑ روپے کی لاگت سے ایک انٹیگریٹڈ اسکول کی منظوری دی گئی ہے، جو علاقے کی تعلیمی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔