غذائی قلت کے شکار بچوں پر خصوصی توجہہ دی جائے

   

آنگن واڑی مراکز میں بچوں کی وزن کی پیمائش کی مشین تقسیم ، ضلع کلکٹر کا خطاب
سنگاریڈی ۔ 26ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی ضلع کلکٹر پرتیک جین نے کہا کہ بچوں کو باقاعدگی سے غذائیت سے بھرپور غذا فراہم کرنے سے ان کی صحتمند نشوونما کے ساتھ ساتھ روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ نویں پوشن ماہ کے موقع پر سنگاریڈی کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں ’’ہماری آنگن واڑی، ہماری ذمہ داری‘‘ پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی ضلع کلکٹر پرتیک جین نے چراغ روشن کرکے پروگرام کا افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ غذائی قلت کا شکار بچوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ضروری غذائیت سے بھرپور غذا اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ غذائیت سے متعلق بیداری پروگراموں کو صرف ایک ماہ تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ سال بھر مسلسل جاری رکھنے کے لیے مناسب منصوبہ بندی کی جائے۔کلکٹر نے ماؤں سے اپیل کی کہ حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی ماؤں اور چھ سال سے کم عمر بچوں کو باقاعدگی سے آنگن واڑی مراکز لے جائیں اور وہاں فراہم کی جانے والی خدمات سے استفادہ کریں۔اس موقع پر منعقدہ مختلف غذائیت بخش غذاؤں کی نمائش کا کلکٹر نے معائنہ کیا۔ انہوں نے آنگن واڑی مراکز میں فراہم کی جانے والی غذاؤں کے معیار، چاول کی سربراہی اور دیگر امور کے بارے میں عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر آنگن واڑی مراکز کے لیے بچوں کے وزن کی پیمائش کرنے والی مشینیں تقسیم کی گئیں۔ محکمہ بہبودِ خواتین و اطفال کی جانب سے حاملہ خواتین کے لیے اجتماعی سیمنتھم پروگرام بھی منعقد کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں میں نشوونما کی کمی، سماعت یا بولنے کے مسائل، چلنے میں دشواری، پیدائشی نقائص، دماغ سے متعلق مسائل، خون کی کمی یا غذائی قلت کی علامات کی بروقت نشاندہی کی جائے۔کلکٹر نے خواتین و اطفال بہبود، محکمہ صحت و طب، دیہی ترقی سمیت دیگر تمام محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے پوشن ماہ کے اہداف حاصل کرنے کی ہدایت دی۔اس پروگرام میں ضلع بہبود آفیسر للیتا کماری، زیڈ پی سی ای او جانکی ریڈی، ڈی آر ڈی او جیوتی، ضلع میڈیکل آفیسر ڈاکٹر لالیتا دیوی، آئی سی ڈی ایس عملہ، مختلف محکموں کے عہدیداران، آنگن واڑی کارکنان، حاملہ خواتین اور والدین سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔