کلکٹریٹ آفس کے کانفرنس ہال میں اجلاس، خانگی ہاسپٹلس اور کلینکس کے رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا
حیدرآباد ۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد کے ایک خانگی ہاسپٹل میں گردہ کی غیرقانونی پیوندکاری ریاکٹ کا پردہ فاش ہونے کا حکومت نے سخت نوٹ لیتے ہوئے اس کی سی آئی ڈی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب کلکٹر حیدرآباد انودیپ درشٹی نے کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں ضلعی سطح کی کلینکل اسٹیبلشمنٹ ایکٹ پر اجلاس کا انعقاد کیا۔ شہر میں جاری غیرقانونی طبی سرگرمیوں پر اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ خانگی ہاسپٹلس، کلینکلس چلانے والوں کو لازمی طور پر ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر کے دفتر میں رجسٹریشن کرانے پر زور دیا۔ قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چلائے جانے والے ہاسپٹلس اور کلینکس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ کلکٹر حیدرآباد نے کہا کہ عوام کی زندگیوں سے کئے جانے والے کھلواڑ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومت عوامی صحت و تندرستی پر اولین ترجیح دیتی ہے۔ اگر خانگی ہاسپٹلس اور کلینکس قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو انہیں ہرگز بخشا نہیں جائے گا بلکہ سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کلکٹر حیدرآباد نے میڈیکل اینڈ ہیلت کے عہدیداروں کو بھی ہدایت دی کہ غیرقانونی طبی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کریں۔ بعدازاں کلکٹر حیدرآباد انودیپ درشٹی نے میڈیکل اینڈ ہیلت کے نئے سال کیلینڈر کی رسم اجرائی انجام دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر کدرون، ایڈیشنل ڈی سی پی منوہر ڈسٹرکٹ ہیلت اینڈ میڈیکل آفیسر وینکٹ آئی ایم اے پریسیڈنٹ ڈاکٹر شری رنگ آبکاری کے علاوہ دیگر موجود تھے۔2