/10 اگست کو جیل بھرو کامیاب بنانے کی اپیل ، سنگاریڈی میں سی آئی ٹی یو کا 2K رن
سنگاریڈی 9 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی جے پی کی مرکز حکومت کسانوں، مزدوروں اور عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف 10 اگست کو منعقد ہونے والے جیل بھرو پروگرام کو کامیاب بنانے کی اپیل سی آئی ٹی یوکے ریاستی صدر چکّا راملو نے کی ۔سنگاریڈی میں ینگ ورکرز اسٹیئرنگ کمیٹی کی جانب سے جیل بھرو پروگرام کی حمایت میں 2K رن کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر چکّا راملو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے 2K رن کا آغاز کیا۔چکّا راملو نے کہا کہ کوئٹ انڈیا تحریک کی روح کو برقرار رکھتے ہوئے فرقہ پرستی کے خلاف جدوجہد اور آئین کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت ملک کی خودمختاری، دولت اور قدرتی وسائل کو کارپوریٹ اداروں کے حوالے کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں نے کئی دہائیوں کی جدوجہد کے بعد اپنے حقوق حاصل کیے ہیں، لیکن 29 مرکزی لیبر قوانین کو ختم کرکے انہیں چار لیبر کوڈز میں تبدیل کرنا مزدوروں کے بنیادی حقوق کو متاثر کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں، مزدوروں، زرعی مزدوروں، طلبہ، دانشوروں اور جمہوریت پسندوں کو متحد ہوکر عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 10 اگست کے جیل بھرو پروگرام میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں اس موقع پر (سی ائی ٹی یو )ضلع صدر بی ملیش، ضلع سکریٹری جی سائیلو، نائب صدر باگاریڈی کے علاوہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے ارکان نریش، موہن راجو، سری دھر، یادیا، ملا ریڈی اور دیگر موجود تھے۔