پیرس : فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پنشن اصلاحات کے خلاف مظاہرے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ہے تو 28 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔فرانس میں تعلیم اور نقل و حمل جیسے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملک میں ریٹائرمنٹ کی عمر کو 64 تک بڑھانے پرپنشن اصلاحات کے خلاف پیرس، مارسیلی، للی اور رینس جیسے شہروں میں 14ویں بار بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے ہیں اور ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔پیرس کے Invalides Square میں جمع ہونے والے مظاہرین نے اٹلی کے اسکوائر تک مارچ کیا ہے۔دارالحکومت میں مظاہرے کے دوران کچھ مظاہرین اور پولیس کے درمیان کشیدگی کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔مظاہرین نے ٹریفک لائٹس، پیلیٹ، کچرے کے ڈبوں کو آگ لگا دی، بس اسٹاپ کی کھڑکیوں کو توڑ دیا اور پولیس پر مختلف مواد پھینکا ہے جبکہ پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کا ااستعمال کیا ہے۔جنرل ورکرز یونین (سی جی ٹی) نے اعلان کیا کہ ملک بھر میں 250 سے زائد مقامات پر ہونے والے مظاہروں میں 9 لاکھ افراد نے شرکت کی ہے۔سرکاری ذرائع پر مبنی فرانسیسی پریس کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ہونے والے مظاہروں میں 281,000 افراد نے شرکت کی اور پیرس میں ہونے والے مظاہرے میں 28 افراد کو حراست میں لیا گیا۔