فرقہ پرست طاقتوں کو کچلنے ہندوستانیوں کو متحد ہونا چاہئے :مولانا مظاہری

   

نفرت کا بازار گرم کرکے مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو مندر ثابت کیا جارہا ہے
پرتاپ گڑھ: ہندوستان صدیوں سے مختلف مذاہب و تہذیبوں کا گہوارہ رہا ہے ،کثرت میں وحدت اس ملک کی ابفرادیت ہے ۔مگر آج فرقہ پرست طاقتوں کو ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی برداشت نہیں ،وہ ملک کی سالمیت کو درہم برہم کرنے میں کوشاں ہیں ۔ملک کی جمہوریت و آئین کی حفاظت کے لئے ہندوستانیوں کو متحد ہوکر فرقہ پرست طاقتوں کو کچلنے کی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جمعیتہ علماء ہند (محمود ) کے رکن مجلس عاملہ و سابق سکریٹری شبیر احمد مظاہری نے میڈیا کو جاری بیان میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔ مولانا مظاہری نے کہا کہ آج چند مٹھی بھر شرپسند عناصر اس ملک کی یکجہتی اور یہاں پائی جانے والی بھائی چارے کی فضا کو اپنے حقیر مفادات کے حصول کے لئے ختم کر دینا چاہتے ہیں ۔اس وقت ملک میں فرقہ واریت کا جو طوفان چل رہا ہے اس سے ملک کی جمہوریت و اس کا سیکولرازم بھی داو پر ہے ۔آر ایس ایس نہ صرف اقلیتوں کا جینا دوبھر کرنے میں کوشاں ہے ،بلکہ وہ ملک کے دستور کو تبدیل کر ہندو راشٹر کے قیام کی تیاری میں ہے ۔ ملک کا مزاج سیکولر ہونے کے سبب کثیر تعداد میں ہم وطن بھی آر ایس ایس کی پالیسی سے متفق نہیں ہیں ،مگر اس کی حامی زیر اقتدار بی جے پی آر ایس ایس کے خوابوں کی تعبیر کے لئے کوشاں ہے ،جس کے سبب آج نفرت کا بازار گرم کر مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو مندر ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں بقائے باہمی کی بڑی اہمیت ہے ۔اسلام مذہبی رواداری پر زور دیتا ہے ،تاکہ معاشرے میں امن قائم رہ سکے ۔اس لئے جمعیت کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ ملک کے امن امان کو قائم رکھتے ہوئے دستور کے بموجب ناانصافی کا مقابلہ کیا جائے ،جمعیت انسانیت کو فروغ دینے کا کام کرتی ہے ،جس کے سبب جب کبھی ملک کو ضرورت پڑی ہے ،بغیر تفریق کے جمعیت نے ہر مذہب کے لوگوں کا تعاون انسانیت کی بنیاد پر کیا ہے ۔مسلمانوں کو صبر کے ساتھ آئیں و قانون کے تحت شرپسندوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔