فرقہ پرست پارٹی بی جے پی کو شکست فاش دیا جائے

   

متحدہ طور پر ووٹ کے استعمال پر زور، ٹی ہریش راؤ کا بیان

حیدرآباد۔12۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست سے دوچار کرنے کے لئے متحدہ طور پر ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے ان سیاسی جماعتوں کو کامیاب کیا جائے ۔سابق ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ملک بھر میں عوام کی اولین ترجیح بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار سے بیدخل کرنا ہے اسی لئے تلنگانہ عوام کو بھی اپنے ووٹ کے استعمال میں دانشمندی سے کام لیتے ہوئے متحدہ طور پر ووٹ کا استعمال کرنا چاہئے ۔انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں بھارت راشٹرسمیتی بی جے پی امیدواروں کو شکست دینے کے لئے کوشش کر رہی ہے ۔ سابق ریاستی وزیر نے بتایا کہ تلنگانہ عوام فرقہ پرستی کے خلاف اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے نریندر مودی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹوں کا100 فیصد استعمال کرتے ہوئے ملک میں بہتر حکمرانی کے لئے راہیں ہموار کریں اور سیکولر قوتوں کو کامیاب بناتے ہوئے انہیں عوام کی خدمت کا موقع فراہم کریں۔ بھارت راشٹرسمیتی قائد نے کہا کہ ووٹوں کو تقسیم سے بچاتے ہوئے ہی بی جے پی کے امیدواروں کی کامیابی کو روکا جاسکتا ہے اور اگر ووٹ تقسیم ہوتے ہیں تو ایسی صورت میں اس کا راست فائدہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہوگا جو کہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 13مئی کو ریاست بھر کے تمام حلقہ جات لوک سبھا میں زیادہ سے زیادہ حق رائے دہی میں حصہ لیتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف اپنے رائے ظاہر کریں اور بی جے پی کی قیادت کو یہ پیغام دیں کہ تلنگانہ عوام فرقہ پرستی کا شکار ہوں گے اور نہ ہی ان کی کامیابی کا سبب بنیں گے۔3