فرقہ پرستوں کے سامنے ٹی آر ایس آہنی دیوار

   


گریجویٹ حلقہ حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگا ۔ محمد محمود علی کا دعویٰ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ فرقہ پرستوں کے سامنے ٹی آر ایس آہنی دیوار ہے ۔ گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دینے کے لیے گریجویٹ حلقوں کے انتخابات میں ٹی آر ایس کو کامیاب بنانا وقت کا اہم تقاضہ ہے ۔ آج منسٹرس کوارٹرس میں پرانے شہر کے اسمبلی حلقوں کے انچارجس اور اہم قائدین کا ایک انتخابی اجلاس منعقد ہوا جس میں حلقہ گریجویٹ حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر کی ٹی آر ایس امیدوار وانی دیوی ، ریاستی وزراء ٹی سرینواس یادو ، گنگولہ کملا کر ارکان قانون ساز کونسل بھانو پرساد ، ایم ایس پربھاکر کے علاوہ اعظم علی ، عنایت علی باقری ، صلاح الدین لودھی اور دوسرے قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بی جے پی سیاسی مفادات کے لیے مذہبی جذبات کا استحصال کررہی ہے اور حکومت کے خلاف جھوٹے من گھڑت الزامات عائد کررہی ہے ۔ جس میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ ریاست کے دور اندیش چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں تمام شعبہ جات تیزی سے ترقی کررہے ہیں اور سماج کا ہر طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہے ۔ تلنگانہ میں لا اینڈ آرڈر پوری طرح کنٹرول میں ہے جس کے نتیجہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہورہی ہے اور نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر روزگار حاصل ہورہا ہے ۔ اس مرتبہ گریجویٹ حلقہ حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوجائے گا ۔ رائے دہی سے قبل بی جے پی کو اپنی شکست کا اندازہ ہوگیا اس لیے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر بی جے پی کے قائدین حکومت کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کررہے ہیں ۔ روزگار فراہم کرنے کے معاملے میں تلنگانہ حکومت عہد کی پابند ہے ۔ چیف منسٹر نے 50 ہزار نئے جائیدادوں پر تقررات کرنے کے لیے تیاریاں کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے اور تمام محکمہ جات ترقی کا عمل مکمل ہونے کے بعد مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست تیار کرنے میں مصروف ہے ۔ انہیں یقین ہے انتخابی ضوابط عمل کی تکمیل کے بعد تقررات کا عمل بھی شروع ہوجائے گا ۔۔