فروری 2027 میں مردم شماری ، شہریوں سے 40 سوالات

   

حیدرآباد۔15۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں فروری 2027 کے دوران آخری مرحلہ کی مردم شماری کا عمل مکمل کیا جائے گا اور اس مرحلہ دوران مجموعی طور پر شمارکنندگان شہریوں سے 40 مختلف سوالات کریں گے ۔گذشتہ مردم شماری جو کہ 2011 میں ہوئی تھی اور 2011 کے بعد ملک بھر میں آبادی کی جانچ کے لئے مردم شماری کا عمل 2026 میں شروع کیاجاچکا ہے لیکن آخری مرحلہ مختلف ریاستوں میں مختلف ایام کے دوران منعقد کیا جائے گا ۔ بتایا جاتاہے کہ ملک میں مردم شماری کے دوران 40 سوالات کئے جائیں گے ۔3/a/b

جبکہ 2011 کی مردم شماری میں محض 29 سوالات کئے گئے تھے ۔بتایا جاتا ہے کہ ملک میں ہونے والی مردم شماری کے دوران جو سوالات کئے جائیں گے ان میں کورونا وائرس کے دور میں ’کووڈ ویکسن ‘ کے متعلق بھی سوال کیا جائے گا کہ کتنے شہریوں نے کوروناو ائرس کا ٹیکہ لگایا تھا اور کن لوگوں نے نہیں لگایا ہے۔ اس کے علاوہ مردم شماری کے دوران ذات پات کے اعداد وشمار کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ شدت اختیار کر رہا تھا اسی کے پیش نظر اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے کہ ملک میں موجود افراد کی ذات اور طبقہ کے متعلق بھی تفصیلات حاصل کی جائیں۔ رجسٹرار جنرل اینڈ سینسس کمشنر کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق مردم شماری کے آخری مرحلہ کے دوران ’’آدھار کارڈ‘‘ کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں گی علاوہ ازیں مادری زبان اور کتنی زبانوں سے آگہی حاصل ہے اس کی تفصیلات بھی دو مختلف سوالات کے ذریعہ حاصل کی جائیں گی جبکہ سابقہ مردم شماری کے دوران زبان سے متعلق دونوں سوال ایک ہی سوال میں شامل تھے لیکن انہیں اب دو مختلف سوالات کے طور پر پیش کیا جا رہاہے۔2026 میں شروع ہوئی مردم شماری میں مکانات کے اندراج کا عمل 11مئی تا 9جون کے درمیان مکمل کرلیا گیا تھا اور اس سے قبل 26 اپریل تا 10مئی کے دوران از خود مکانات کے اندراج کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔3