پٹھانکوٹ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈین ایر فورس کے پائیلٹ ابھینندن ورتھمان جو فروری میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک کشیدہ فوجی تصادم کا چہرہ بن گئے تھے، پیر کو یہاں پٹھان کوٹ میں ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ ایر چیف مارشل بی ایس دھناؤ کو بٹھاکر مگ 21 جٹ طیارہ اُڑایا۔ ویڈیو عملہ اور فوٹو جرنلسٹس کو 30 منٹ کی اس پروام کی ریکارڈنگ کے لئے پٹھان کوٹ فضائی اڈہ کے اندر لیجایا گیا تھا۔ ورتھمان ابھینندن نے 27 فروری کو ایک فضائی حملے میں پاکستان کے ایف ۔ 16 طیارہ کو مار گرایا تھا۔ ابھینندن کی اس پرواز کو انڈین ایرفورس کی طرف سے اُن (ابھینندن) کی بہادری کے اعلانیہ طور پر اعتراف کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔ اس موقع پر لی گئی تصاویر میں ایرچیف مارشل دھناؤ اور ورتھمان کو دو نشستی تربیتی طیارہ کے کاک پٹ پر کھڑا دکھایا گیا۔ لیکن ورتھمان اپنی روایتی بڑی مونچھوں کے بغیر دیکھے گئے۔ اس مقام پر آج 11.30 بجے دن یہ اُڑان بھری گئی تھی جس کے بعد 36 سالہ ابھینندن نے کہاکہ ’ان (فضائیہ کے سربراہ) کے ساتھ پرواز میرے لئے اعزاز ہے‘۔ ایرچیف مارشل دھناؤ 30 ستمبر کو سبکدوش ہوں گے۔