تنظیم انصاف کا احتجاجی دھرنا، سید عزیز پاشاہ، کودنڈا رام، جسٹس چندرا کمار اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد 27 مئی (سیاست نیوز) سی پی آئی کی تنظیم انصاف کے زیراہتمام فلسطینیوں سے اظہار یگانگت اور اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک روزہ دھرنا منظم کیا گیا۔ مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں سے وابستہ قائدین نے اسرائیلی حملوں کو فوری روکنے اور فلسطین کو علیحدہ مملکت کے طور پر قبول کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ آل انڈیا تنظیم انصاف کی جانب سے اندرا پارک پر منعقدہ احتجاجی دھرنے میں سی پی آئی کے قومی سکریٹری و سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ، تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام، جسٹس چندرا کمار، پروفیسر پی ایل ویشویشور راؤ، تنظیم آواز کے ریاستی صدر ایم اے عباس، تحریک مسلم شبان کے صدر مشتاق ملک اور دوسروں نے شرکت کی۔ تنظیم انصاف کے ریاستی صدر منیر پٹیل نے احتجاجی دھرنے کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ دنیا بھر میں فلسطینیوں پر مظالم کی مذمت کی جارہی ہے لیکن اسرائیل کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اُنھوں نے حکومت ہند سے مطالبہ کیاکہ اسرائیل کو حملوں سے روکنے کے لئے اثر و رسوخ استعمال کرے۔ سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کی ضرورت ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیا ہے۔ عزیز پاشاہ نے کہاکہ فلسطینی عوام پانی، غذا حتیٰ کہ ادویات سے محروم ہیں۔ امریکہ اور دیگر ممالک کی یونیورسٹیز میں طلبہ کا احتجاج جاری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ امریکہ کو چاہئے کہ وہ اسرائیل کو حملوں سے باز رکھے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کو فلسطین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لئے دنیا بھر سے دباؤ ضروری ہے۔ جسٹس چندر کمار نے اسرائیلی عوام کے جذبہ اور حوصلے کی ستائش کی اور کہاکہ وہ ظالم کے آگے جھکنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ آل انڈیا تنظیم انصاف کے ریاستی سکریٹری محمد فیاض، سی پی آئی سنگاریڈی ضلع کے سکریٹری سید جلال الدین اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ 1