فواد کی 11 سال بعد سنچری کے باوجود پاکستان کو 101 رنز سے شکست

   

ماونٹ منگنوئی۔ پہلے ٹسٹ میں میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے پاکستان کو101رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔پہلے ٹسٹ کے پانچویں اور آخری دن پاکستانی بیٹسمینوں نے نیوزی لینڈ کے بولروں کے خلاف سخت مزاحمت کی، تاہم فواد عالم، محمد رضوان کے آوٹ ہوجانے کے بعد پاکستان کو میچ بچانا مشکل ہوگیا۔فواد عالم نے 11 سال 5 ماہ بعد ٹسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری اسکور کی ہے جیسا کہ انہوں نے 2009ء جولائی میں اپنے کرئیر کے پہلے ہی ٹسٹ میں سنچری بنائی تھی۔میچ کے پانچویں دن جب پاکستان نے 3 وکٹ پر71رنز سے کھیل شروع کیا تو اظہر علی4 رنز کا اضافہ کرکے آوٹ ہوئے جس کے بعد نیوزی لینڈکے بولروں کیلئے وکٹ کا حصول ناممکن ہوگیا۔فواد عالم اور محمد رضوان نے عمدگی اور محتاط انداز سے بیٹنگ جاری رکھی، کھانے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور 4 وکٹ پر 137 رنز تھا، اس سیشن میں دونوں نے پانچویں وکٹ کیلئے 62رنز کی شراکت قائم کی۔کھانے کے وقفے کے بعد فواد عالم اور محمد رضوان کی مزاحمت جاری رہی، فواد عالم نے نصف سنچری مکمل کی جبکہ دونوں بیٹسمینوں نے پانچویں وکٹ کیلئے سنچری شراکت بھی قائم کی۔دوسرے سیشن میں فواد عالم اور رضوان نے 78رنز کا اضافہ کیا، چائے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور 4 وکٹ پر215 رنز تھا۔ فواد عالم 13چوکوں کی مدد سے 94 اور محمد رضوان 45 رنز پر ناٹ آوٹ تھے اور پاکستان کو جیت کیلئے مزید 158رنز کی ضرورت تھی۔چائے کے وقفے دن کے آخری سیشن کا کھیل شروع ہوا تو فواد عالم نے 14 چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی وہ 102 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ رضوان نے 6 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔فواد اور رضوان کے یکے بعد دیگرے آوٹ ہوجانے کے بعد یاسر شاہ بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین روانہ ہوگئے جس کے بعد ٹیم ایک بار پھر سے مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔فہیم اشرف بھی 19 رنز کے بعد محمد عباس آوٹ ہونے والے نویں کھلاڑی تھے وہ ایک رن بنا سکے۔پاکستان کی 271 کے اسکور پر گرنے والی آخری وکٹ نسیم شاہ کی تھی وہ ایک رنز بناکر پویلین روانہ ہوئے۔
جیمی سن پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ
ماونٹ منگنوئی۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولرکائل جیمیسَن پر پاکستانی بیٹسمین فہیم اشرف کی طرف جارحانہ اورخطرناک انداز میں گیند پھینکنے پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے بیان میں کہا کہ 25 سالہ بولر نے پہلے ٹسٹ میچ کے تیسرے دن کونسل کے قواعد و ضوابط کے آرٹیکل 2.9 کی خلاف ورزی کی۔کائل جیمیسن نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور میچ ریفری جیف کرووے کی جانب سے تجویز کردہ جرمانے کو قبول کیا۔آئی سی سی نے کہا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جیمیسن نے بولنگ کے بعد اپنی طرف آنے والی گیند پکڑی اور اسے تیز رفتاری سے فہیم اشرف کی جانب پھینکا، حالانکہ بیٹسمین اسٹمپس سے ہٹ کر لیکن کریز کے اندر ہی موجود تھے اور ان کا رن لینے کا بھی کوئی ارادہ نہیں تھا۔یادر ہے کہ فہیم اشرف نے پہلے اننگز میں شاندار بیٹنگ کی تھی اور وہ اپنی پہلی سنچری کے قریب بھی پہنچے تھے۔