حیدرآباد ۔ 25 مئی (سیاست نیوز) فون ٹیاپنگ معاملہ کے اہم ملزم پربھاکر راؤ کو امریکہ سے حیدرآباد منتقل کرنے کی کوششوں کو کامیابی ملتی دکھائی دے رہی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے پربھاکر راؤ کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس اور تحقیقاتی ایجنسیوں کی مساعی کے نتیجہ میں امریکی حکام نے پربھاکر راؤ کو ڈیپورٹ کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ امریکہ کی ہوم لینڈ سیکوریٹی کے حکام اس سلسلہ میں کارروائی کا آغاز کرچکے ہیں۔1
اور امید کی جارہی ہے کہ جلد ہی پربھاکر راؤ کو ہندوستان بھیج دیا جائے گا۔ پربھاکر راؤ نے ہندوستان واپسی سے بچنے کے لئے امریکی حکومت کو سیاسی پناہ دینے کی درخواست کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ امریکی حکومت اس سلسلہ میں کسی بھی کارروائی سے گریز کررہی ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں نے پربھاکر راؤ کے خلاف موجود تمام ثبوت دستاویزات کی شکل میں امریکی حکام کو روانہ کردیئے ہیں۔ واضح رہے کہ نامپلی عدالت نے پربھاکر راؤ کو 20 جون سے قبل حاضر عدالت ہونے کی مہلت دی ہے۔ پولیس اور تحقیقاتی عہدیداروں کو امید ہے کہ امریکی حکام 20 جون سے قبل پربھاکر راؤ کو ہندوستان بھیج دیں گے۔ 1