تصاویر کے ذریعہ اہم معلومات عوام تک پہنچائی جاسکتی ہیں ، ورلڈ فوٹو گرافر ڈے سے خطاب
سنگاریڈی ۔ 22 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی کلکٹریٹ میں میڈیا فوٹو جرنلسٹس سنگاریڈی کی جانب سے ورلڈ فوٹوگرافی ڈے کے موقع پر خصوصی تقریب اور فوٹوگرافی نمائش کا انعقاد عمل میں آیا۔تقریب میں ضلع کلکٹر پرتیک جین، ایس پی پریتوش پنکج، ضلع کانگریس صدر نرملا جگا ریڈی، بلدیہ سنگاریڈی چیئرپرسن کونا وینتا، ٹ، ایم اے قادر فیصل سینئر جرنلسٹ ، ڈی پی ار او وجے لکشمی، یادگیری، یوتھ ایسوسی ایشن صدر وینیو اور بی جے پی قائد جگن سمیت دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔مہمانوں نے فوٹوگرافی نمائش کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر فوٹو جرنلسٹس کے صدر محمد عارف اور جنرل سیکریٹری ستیہ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ بعد ازاں کیک کاٹا گیا۔اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ فوٹوگرافی صحافت کا اہم حصہ ہے۔ تصویر کے ذریعے بھی اہم معلومات عوام تک پہنچائی جا سکتی ہیں اور خبر کے ساتھ متعلقہ تصویر شامل ہونے سے نیوز کوریج مزید مؤثر اور آسان ہوجاتی ہے۔ ایم اے قادر فیصل نے کہا کہ ماضی میں فوٹو جرنلسٹس کو خبر کی کوریج کے بعد فلم تیار کرکے تصاویر اخبارات کے دفاتر تک روانہ کرنا پڑتی تھیں، جس میں کافی وقت لگتا تھا۔ موجودہ جدید دور میں ٹیکنالوجی کی مدد سے فوٹو جرنلسٹس فوری طور پر تصاویر کو خبر کے ساتھ میڈیا اداروں تک روانہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ فوٹوگرافی کے شعبے میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں اور آج فوٹو جرنلسٹس کا کردار مزید اہم ہوگیا ہے اس موقع پر مختلف اخبار کے فوٹوگرافر اور صحافیوں کو ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔