ڈیلاس: ،/4 جولائی (ایجنسیز) دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کو کیپ ورد کی ٹیم نے اپنی ناقابل یقین ہمت اور مضبوطی سے شکست کے دہانے پر پہنچا دیا تھا تاہم اضافی وقت میں ہونے والے ایک اون گول کی بدولت ارجنٹائن نے جمعے کو 3-2 سے ڈرامائی فتح حاصل کر کے ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں اپنی جگہ بنا لی۔اپنا پہلا ورلڈ کپ کھیلنے والی کیپ ورد کی ٹیم نے میامی سٹیڈیم کے گرم اور مرطوب ماحول میں 64 ہزار سے زائد پرجوش تماشائیوں کے سامنے اس سنسنی خیز مقابلے میں دو بار خسارے میں جانے کے بعد میچ برابر کیا۔تاہم اضافی وقت کے دوسرے ہاف کے چھٹے منٹ میں لیونل میسی نے باکس میں ایک کارنر کک لگائی اور کرسٹین رومیرو نے ہیڈ کے ذریعے گیند کو جال کی راہ دکھائی جو کیپ ورڈی کے ڈینی بورجیس کے ہاتھ سے ٹکراتی ہوئی گول میں چلی گئی۔اس گول نے ارجنٹائن کی اگلے منگل کو اٹلانٹا میں مصر کے خلاف میچ کی لائن اپ پکی کر دی۔لیونل میسی نے توقع کے مطابق 29ویں منٹ میں ٹورنامنٹ کا اپنا ساتواں گول کر کے ارجنٹائن کو برتری دلائی تھی لیکن ڈیرائے ڈوارٹے نے میچ کے ایک گھنٹے کے قریب سکور برابر کر دیا۔اضافی وقت کے پہلے ہاف کے دوسرے ہی منٹ میں ارجنٹائن کے لیسانڈرو مارٹنیز نے ایک شاندار شاٹ نیٹ کے اوپری حصے میں مار کر سوچا کہ انہوں نے میچ جیت لیا ہے۔لیکن کیپ ورد نے ہمت نہیں ہاری اور ان کے لیفٹ بیک سڈنی لوپیز کیبرال نے ایک خوبصورت شاٹ گھماتے ہوئے نیٹ کے ٹاپ کارنر میں ڈال کر سکور ایک بار پھر 2-2 سے برابر کر دیا۔فیصلہ کن اون گول کے بعد لوپیز کیبرال کے پاس میچ برابر کرنے کا ایک اور موقع تھا لیکن ان کی بہترین فری کک کو ارجنٹائن کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹنیز نے روک لیا جنہیں میچ کے آخری منٹوں میں کیپ ورد کے حملوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنی بہترین فارم کا مظاہرہ کرنا پڑا۔ارجنٹائن کے کوچ لیونل سکالونی جو البیسیلیستے (ارجنٹائن ٹیم) کے ساتھ اپنے 100ویں میچ کی نگرانی کر رہے تھے، نے کہا ’میچ ناقابل یقین حد تک سخت تھا۔ آپ کو ہمیشہ مثبت پہلو دیکھنا چاہیے اور وہ یہ ہے کہ یہ ٹیم کبھی ہار نہیں مانتی۔ میں اپنے حریفوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ آج انہوں نے دکھایا کہ وہ ایک بہترین ٹیم ہیں۔ جب یہ کہا جاتا ہے کہ ورلڈ کپ میں کوئی بھی میچ آسان نہیں ہوتا، تو یہ بالکل سچ ہے۔‘کیپ ورد کو شکست ضرور ہوئی لیکن تین بار کی عالمی چیمپئن کے خلاف اپنے پہلے ورلڈ کپ میں ٹیم ورک اور ہمت کا چوتھا شاندار مظاہرہ کر کے انہوں نے سب کے دل جیت لیے۔کوچ بوبیسٹا نے کہا ’مجھے اپنی ٹیم اور ان کی محنت پر فخر ہے۔ ہمیں اپنے ملک کے لیے جو کچھ کیا ہے اس پر فخر ہونا چاہیے۔ عالمی چیمپئن کے خلاف اس طرح کھیلنا اور دو بار سکور برابر کرنا ایک ناقابل یقین بات ہے۔‘عالمی درجہ بندی میں 67 ویں نمبر پر موجود کیپ ورد اس ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کرنے والی چار ٹیموں میں سے واحد ٹیم تھی جو آخری 32 میں پہنچی۔ وہ ارجنٹائن کو بھی اسی طرح مایوس کرنے کی امید لے کر اتری تھی جیسے اس نے گروپ مرحلے کے میچز میں سپین اور یوراگوئے کو ڈرا پر مجبور کر کے کیا تھا۔وہ اپنے کبھی نہ ہار ماننے والے جذبے کی بدولت میچ کے ایک بڑے حصے میں اس میں کامیاب رہے جبکہ انہوں نے مختصر پاسز کے بہترین کھیل سے اپنی مہارت کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا