فیوچر سٹی کے قیام کے ذریعہ روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے : ریونت ریڈی

   

یہ سیاست کا نہیں بلکہ ترقی کا وقت ہے، موسی ریور فرنٹ حکومت کی اہم ترجیح، رویندرا بھارتی میں اُگادی تقریب سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد 30 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ عوام کی بھلائی اور ریاست کی ترقی کے لئے حکومت ہرممکن مساعی کررہی ہے اور عالمی سطح پر حیدرآباد کی شناخت کے لئے کئی ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی آج رویندرا بھارتی میں حکومت کی جانب سے منعقدہ تلگو سال نو اُگادی تقاریب سے خطاب کررہے تھے۔ چیف منسٹر نے عوام کو اُگادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن کی بھلائی اور خوشحالی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ بھٹی وکرامارکا کی جانب سے پیش کردہ ریاستی بجٹ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کی سمت اہم پیشرفت ہے۔ حکومت معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ آمدنی میں اضافہ کرتے ہوئے غریبوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بجٹ میں تعلیم، صحت اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے زائد فنڈس مختص کئے گئے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ سرمایہ کاری کے لئے ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کا بہتر ہونا ضروری ہے۔ تلنگانہ ملک کے لئے ایک ماڈل ریاست بن چکی ہے اور کانگریس حکومت اِس سلسلہ میں ہرممکن مساعی کررہی ہے۔ موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ اور فیوچر سٹی کے قیام کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ حکومت نے دونوں پراجکٹس ترجیحی بنیادوں پر شروع کئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ فیوچر سٹی عوام کی رہائش کے لئے نہیں ہوگی بلکہ سرمایہ کاری کا مرکز رہے گی جس کے ذریعہ لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ترقیاتی اقدامات میں بعض رکاوٹیں فطری ہیں اور حکومت اِن رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے ترقیاتی ایجنڈے پر آگے بڑھ رہی ہے۔ چیف منسٹر نے ریاست میں زرعی پیداوار میں اضافہ کا حوالہ دیا اور کہاکہ گزشتہ سال 1.56 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں 60 تا 65 فیصد کسان باریک چاول کی کاشت کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ ترقی اور فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ روزگار اور معاشی ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ چیف منسٹر نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کو ’’اُگادی پچڑی‘‘ قرار دیا اور کہاکہ یہ 6 مختلف ذائقوں کا امتزاج ہے۔ بجٹ میں تمام شعبوں کے لئے متوازن فنڈنگ کی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بجٹ میں تعلیم، صحت، روزگار اور فلاحی اسکیمات کو ترجیح دی گئی۔ تلنگانہ کے مستقبل کے لئے اپنے نعرہ ’’تلنگانہ رائزنگ‘‘ کو دوہراتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ وہ ریاست کو قومی سطح پر ایک مثالی ریاست میں تبدیل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ ملک میں نئے شہروں کی تعمیر ناگزیر ہے اور فیوچر سٹی کے قیام سے تلنگانہ سرمایہ کاری کے مرکز میں تبدیل ہوجائے گا۔ فوڈ سکیورٹی ایکٹ کی ستائش کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ غریبوں کی بھوک مٹانے میں یہ اہم رول ادا کرے گا۔ حکومت نے اُگادی کے دن سے غریبوں کو باریک چاول کی راشن شاپس سے سربراہی کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ چاول کی پیداوار میں ملک میں سرفہرست ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حکومت کی پالیسی آمدنی میں اضافہ اور غریبوں کی فلاح و بہبود ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ یہ سیاست کا نہیں بلکہ ترقی کا وقت ہے۔ ہم تلنگانہ رائزنگ 2025 ء کے منصوبہ کے ذریعہ ریاست کو قومی سطح پر مثالی ریاست بنائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی ترجیحات کو بیان کیا۔ اِس موقع پر ریاستی وزراء کونڈہ سریکھا، جوپلی کرشنا راؤ، گورنمنٹ وہپ اے لکشمن، قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ چیف وہپ مہیندر ریڈی، رکن اسمبلی مال ریڈی رنگاریڈی، چیف سکریٹری شانتی کماری اور دوسرے موجود تھے۔1