عوامی خدمات کے سفر کیلئے نیک تمنائیں، صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد 28 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے 9 ارکان کو میعاد کی تکمیل پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تہنیت پیش کی۔ مختلف زمرہ جات سے تعلق رکھنے والے 9 ارکان کونسل کو قانون ساز کونسل بجٹ سیشن کے آخری دن تہنیت پیش کرتے ہوئے اُن کی خدمات کو سراہا۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے سبکدوش ہونے والے ارکان ایم ایس پربھاکر راؤ، محمد محمود علی، ٹی جیون ریڈی، وائی ملیشم، اے نرسی ریڈی، ایس سبھاش ریڈی، کے رگھوتم ریڈی، ستیہ وتی راتھوڑ اور مرزا ریاض الحسن آفندی کی کونسل میں عوامی مسائل کے سلسلہ میں نمائندگی کو سراہا۔ سبکدوش ہونے والے ارکان کا تعلق ایم ایل اے کوٹہ، مجالس مقامی، ٹیچرس اور گرائجویٹ زمرہ جات سے ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سبکدوش ہونے والے ارکان کو تہنیت پیش کی اور یادگاری مومنٹو حوالہ کیا۔ اِس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزیر اُمور مقننہ سریدھر بابو، نائب صدرنشین بنڈا پرکاش مدیراج، کونسل میں قائد اپوزیشن مدھو سدن چاری اور دوسرے موجود تھے۔ صدرنشین جی سکھیندر ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قانون ساز اداروں میں قدم رکھنے کا بہت کم افراد کو موقع حاصل ہوتا ہے۔ جن ارکان کو طویل عرصہ تک قانون ساز کونسل میں نمائندگی کا موقع حاصل ہوا وہ اپنے فرائض کو بحسن و خوبی انجام دینے میں کامیاب رہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام 9 ارکان نے اپنی میعاد میں عوامی مسائل کو بہتر انداز میں پیش کیا۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ سبکدوشی کے باوجود سابق ارکان کے طور پر عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ اِس موقع پر چیف منسٹر کے ساتھ گروپ فوٹو کا اہتمام کیا گیا۔1