حیدرآباد۔/4 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ایک رٹ درخواست کو درست قرار دیتے ہوئے وقف بورڈ کے سابق ملازم کے قتل کیس میں ملوث ملزم جو جیل میں عمر قید کی سزاء کاٹ رہا ہے کو راحت دی۔ جسٹس للیتا کنگٹی نے ہائی کورٹ کی خاتون وکیل پشپیندر کور کی جانب سے داخل کی گئی رٹ درخواست کی سماعت کے بعد یہ فیصلہ سنایا کہ شیخ زکریا جو آندھرا پردیش وقف بورڈ کے سابق ڈپٹی سکریٹری ایم اے قدیر کے قتل کیس کا سزاء یافتہ ملزم ہے کے خلاف پرنسپل سکریٹری ہوم کے دفتر کے احکامات جس میں یہ قرار دیا گیا تھا کہ مذکورہ ملزم نے سرکاری ملازم کو ڈیوٹی پر موجود رہنے کے دوران قتل کیا تھا۔ جسٹس للیتا کنگٹی نے اپنے احکام میں یہ کہا کہ شیخ زکریا نے اپنی مقررہ مدت یعنی عمر قید کی سزاء کاٹ چکا ہے اور سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق وہ رہائی کا مستحق ہے۔ جج نے اس حکمنامہ کو بھی کالعدم کردیا جس میں پرنسپل سکریٹری ہوم نے سرکاری ملازم کو ڈیوٹی پر قتل کرنے کے الزامات کے تحت زکریا کی رہائی کو ناجائز قرار دیتے ہوئے اس پر روک لگادی تھی۔ واضح رہے کہ شیخ زکریا کو چوتھے ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج ، نامپلی نے 24 جنوری 2003 کو قتل کیس میں قصور وار پائے جانے پر اسے عمر قید کی سزاء سنائی تھی۔ب