پھر سیکھ لیے آدم نے اپنے رب سے چند کلمے تو اللہ نے اُس کی توبہ قبول کی ۔ بےشک وہی ہے بہت توبہ قبول کرنے والا نہایت رحم فرمانے والا۔ (سورۃ البقرہ :۳۷)
آدم علیہ السلام بُھولے سے یہ خطا کر تو بیٹھے لیکن پھر فرط ندامت سے روئے اور اِتنا روئے کہ آنسوؤں کے دریا بہا دئیے۔ اُن کے درد انگیز نالوں سے پتھروں کے دل پھٹ جاتے تھے۔ دن رات آہ وفغاں سے کام تھا۔ ہر وقت بارگاہ الٰہی میں اُس کی رحمت کیلئے ملتجی رہتے۔ سالہا سال اسی طرح بیت گئے لیکن مغفرت کی خوشخبری نہ ملی۔ آخر ایک روز ایسے کلمات زبان سے نکلے کہ رحمت خداوندی کو تر س آگیا اور چشم عنایت مائل بکرم ہو گئی۔ وہ کون سے کلمات تھے۔ اس کے متعلق میں حضرت شاہ عبد العزیز قدس سرہٗ کی تفسیر فتح العزیز کی عبارت نقل کرتا ہوں تاکہ ہر خوش نصیب کی طمانیت قلب کا باعث ہو۔’’ اور طبرانی نے معجم صغیر میں اور حاکم اور ابو نعیم اور بیہقی نے حضرت امیر المؤمنین عمربن خطاب ؓ سے روایت کی ہے کہ آنحضرت (ﷺ) نے فرمایا کہ جب حضرت آدم علیہ السلام سے یہ گناہ سرزد ہوا اور ان پر عتاب الٰہی نازل ہوا توبہ قبول ہونے میں حیران تھے کہ اتنے میں ان کو یاد آیا کہ مجھ کو جس وقت خدائے تعالیٰ نے پیدا کیا تھا اور روح خاص میرے اندر پھونکی تھی اُس وقت میں نے اپنے سر کو عرش کی طرف اٹھایا تھا اس جگہ لکھا دیکھا لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّهُ مُحَمَّدٌ رَسُوُلُ اللّهِ ۔ …جاری ہے