عیدالاضحی کے پیش نظر کمشنر پولیس کا مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد /31 مئی ( سیاست نیوز ) کمشنر پولیس حیدرآباد کے سرینواس ریڈی نے عیدالضحیٰ کے پیش نظر مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے شہر کو قربانی کے جانوروں کی منتقلی کے مسئلہ پر ضروری ہدایت دی ۔ پولیس کے علاوہ وٹرنری ، انیمل ہسبنڈری جی ایچ ایم سی کے عہدیدار شریک تھے ۔ کمشنر پولیس نے حیدرآباد اور اس کے اطراف چیک پوسٹ قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ جانوروں کی غیر قانونی منتقلی کو روکا جاسکے ۔ وٹرنری ڈاکٹر کے سرٹیفکیٹ کے ساتھ منتقلی کئے جانے والے جانوروں کو روکنے کی اجازت نہیں رہے گی کیونکہ وٹرنری ڈاکٹر کا سرٹیفکیٹ قربانی کی اہلیت کو ظاہر کرتا ہے ۔ غیر قانونی طور پر منتقل کئے جانے والے جانوروں کو ضبط کرنے اور انہیں جی ایچ ایم سی کی جانب سے طئے شدہ گوشالہ منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ گاڑیوں کی تلاشی اور جانوروں کی منتقلی کو روکنے کیلئے قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ وٹرنری اور انیمل ہسبنڈری محکمہ کے علاوہ جی ایچ ایم سی سے خواہش کی گئی ہے کہ چیک پوسٹ پر 24 گھنٹے وٹرنری ڈاکٹرس اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں کی موجودگی کو یقینی بنائیں ۔ شہر میں عیدالضحیٰ سے قبل آوارہ کتوں کو پکڑنے کیلئے بلدیہ کی جانب سے مہم چلانے کا مشورہ دیا گیا ۔ اس کے علاوہ قربانی کے فضلہ اور دیگر ناکارہ اشیاء کو جمع کرنے کیلئے گھر گھر کورس سربراہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ اس موقع پر مختلف محکموں کے اعلی عہدیدار موجود تھے ۔ ع