قربانیوں کی بنیاد پرقائم ہونے والی پارٹی کا نام بی آر ایس : کے ٹی آر

   

پارٹی کے 25ویں یوم تاسیس پر پرچم کشائی اور خطاب
حیدرآباد : 27 اپریل ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے تارک راما راؤ نے کہا کہ بی آر ایس قربانیوں کی بنیاد پر قائم ہونے والی انقلابی جماعت ہے جس کی ہائی کمان تلنگانہ کے عوام ہیں ۔ آج تلنگانہ بھون میں بی آر ایس کی 25 ویں یوم تاسیس تقریبات کا شاندار انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے پارٹی پرچم لہرایا جس کے دوران فضا جئے کے سی آر ، جئے تلنگانہ کے نعروں سے گونج اٹھی ۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلابی پرچم اس قوم کی علامت ہے جس نے دہائیوں تک بیگانگی اور جدوجہد کا سامنا کیا ہے ۔ کے سی آر نے 25 سال قبل اس سفر کا آغاز کیا تھا ۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ قربانیوں سے بنی یہ جماعت عوامی مسائل اس وقت حل کرسکتی ہے ، جب وہ ایک مضبوط سیاسی قوت بن کر ابھریں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس اقتدار حاصل ہونے کے بعد 10سال تک ذمہ داری سے کام کیا ہے جبکہ کانگریس کے دور حکومت میں انارکی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ 2028 میں کے سی آر کو دوبارہ چیف منسٹر بنانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہ کرنے کے بعد ریونت ریڈی زیر قیادت کانگریس حکومت عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ہے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا کارکنوں ، صحافیوں ، شاعروں ، فنکاروں اور پارٹی ورکرس کا شکریہ ادا کیا جو پارٹی کی آواز بلند کررہے ہیں ۔2/m/b